پاک انڈوگیمز میں شرکت کیلئے بھارتی دستہ پہنچ گیا، واہگہ پر پرتپاک استقبال ،فقید المثال استقبال پر شکرگزار ہیں، کامیابی حاصل نہ بھی کر سکے مگر پاکستانیوں کا دل ضرور جیت لیں گے، بھوپندرا سنگھ،پاکستان نے بھارت سے دوستی کی جانب سے ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے، واہگہ بارڈر پر ایم پی اے مدیحہ رانا کی گفتگو

ہفتہ 1 مارچ 2014 22:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) پاک انڈو گیمز میں شرکت کے لئے بھوپندر سنگھ کی قیادت میں70رکنی بھارتی دستہ واہگہ کے راستے لاہور پہنچ گیا، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب مدیحہ رانا نے واہگہ بارڈر پرپنجاب سپورٹس بورڈ کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ مہمان دستے کا پرتپاک استقبال کیا، مہمانوں کوپھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

اس موقع پرپاک انڈیا دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے۔ بھارتی دستے کے سربراہ بھوپندرا سنگھ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے فقیدالمثال استقبال پر شکر گزار ہیں،ہم نے یہ سن رکھا تھا کہ پاکستانی بڑے مہمان نواز ہوتے ہیں او ر ہمارے تاریخی استقبال سے یہ بات آج ثابت بھی ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تیاریاں بھر پور ہیں اور ہم پاکستانی پلیئرز کو اسی کی سرزمین پر زیر کرنے کے لئے پرعزم ہیں اگرکھیل کے میدانوں میں کامیابی نہ بھی حاصل کر سکے تو پاکستانی شہریوں کے دل جیتنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

بھوپندر سنگھ نے کہا کہ کھیلیں آپس میں پیار محبت کی فضا قائم کرتی ہیں، ہمیں امید ہے کہ انڈو پاک گیمز کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان اور بھارت ماضی کی تلخ یادیں بھلا کر ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ رکن صوبائی اسمبلی پنجاب مدیحہ رانا نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے دوستی کی جانب ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے، پہلے مرحلے میں ہم بھارتی پنجاب گئے تھے اور اب بھارتی دستہ پاکستان آیا ہے جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پربھارتی پنجاب کبڈی ٹیم کے کھلاڑی سندیپ سنگھ نے کہا کہ پہلی بار لاہور کے دورے پر آیا ہوں، بڑی خوشی ہوئی ،آپس کے مقابلوں سے نہ صرف کھیل کا میعار بہتر ہوگا بلکہ پلیئرز کو سیکھنے کے مواقع بھی ملیں گے۔ بھارتی خواتین کبڈی ٹیم کی کپتان انور رانی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہوں، میگا ایونٹ کے مقابلے بڑے سنسنی خیز رہے ، امید کرتی ہوں کہ روایتی حریف کے درمیان مقابلے بھی دلچسپ اور یادگارہوں گے۔

انڈوپاک گیمز کا باقاعدہ آغاز3مارچ سے ہوگا جس میں مہمان کھلاڑی میزبان پلیئرز کے ساتھ 8 مختلف کھیلوں ریسلنگ، باڈی بلڈنگ، ویٹ لفٹنگ، رسہ کشی، آرم ریسلنگ(مردو خواتین)، میٹ ریسلنگ اور مردوں خواتین کے کبڈی مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی پنجاب میں ہونے والے کبڈی کے ایونٹ کے فائنل میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھارتی ہم منصب پرکاش سنگھ بادل کو اپنے کھلاڑی پاکستان بھیجنے کی دعوت دی تھی۔ادھرپاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی کھلاڑیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لئے پنجاب سٹیڈیم سمیت لاہور کے متعدد مقامات پر بھر پور ٹریننگ کی ہے اور پلیئرز اپنی سرزمین پر بھارتی کھلاڑیوں کو زیر کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :