چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان کو ڈھونگ اور ڈرامہ قرار دیدیا ،طالبان کی ڈوریاں کہیں اور سے ہلتی ہیں،ان کے خلاف ایک جامع آپریشن ہی دہشتگردی کا حل ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

ہفتہ 1 مارچ 2014 22:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے طالبان کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان کو ڈھونگ اور محض ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دراصل طالبان کی ڈوریاں کہیں اور سے ہلتی ہیں، یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ طالبان امریکہ ،بھارت اور اسرائیل کی ایماء پر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل ڈویثرن راولپنڈی کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے طالبان کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ طالبان جنگ بندی کے نام پر نیا کھیل کھیلنے جارہے ہیں۔ طالبان کے خلاف ایک جامع آپریشن ہی دہشتگردی کا حل ہے۔ صاحبزادہ محمد حامد رضا نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قومی اداروں کو نشانہ بنانے والے طالبان جنگ بندی کے دھوکہ میں اپنے آپ کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ایسی تمام کالعدم تنظیموں اور دہشتگردوں کو سپورٹ کرنے والے مدارس کے خلاف بھر پور کاروائی کرے۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کی سا لمیت اور بقاء کیلئے اٹھائے گئے ہر قدم پر پاکستان فوج اور حکومت کے ساتھ ہوگی۔

متعلقہ عنوان :