قومی سلامتی پالیسی سینیٹ میں پیش نہ کی گئی تو حکومت کے خلاف تحریک استحقاق لائینگے، سینیٹر رضا ربانی،حکومت سینیٹ کو اس لئے نظر انداز کررہی ہے کہ اس وقت ایوان میں اپوزیشن کی اکثریت اورحکومتی اراکین کی تعداد کم ہے، پارلیمانی لیڈر پیپلز پارٹی

ہفتہ 1 مارچ 2014 22:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے قومی سلامتی پالیسی سینیٹ میں پیش نہ کی تو حکومت کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے،حکومت سینیٹ کو اس لئے نظر انداز کررہی ہے کہ اس وقت ایوان میں اپوزیشن کی اکثریت جبکہ حکومتی اراکین کی تعداد کم ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ وفاقی کابینہ 18ویں ترمیم کے بعد سینیٹ کو بھی جوابدہ ہے، قومی سلامتی سے متعلق سینیٹ کی اہمیت قومی اسمبلی سے زیادہ ہے لہٰذاقومی سلامتی پالیسی سینیٹ بھی پاس کرے ، حکومت سے مطالبہ ہے کہ سینیٹ کا استحقاق مجروح نہ کیا جائے اور سلامتی پالیسی ایوان بالا میں پیش کی جائے تاکہ اس پر سیر حاصل بحث کرنے کے بعد حکومت کو آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سینیٹ کو اس لئے نظر انداز کررہی ہے کہ اس وقت ایوان میں اپوزیشن کی اکثریت جب کہ حکومتی اراکین کی تعداد کم ہے لیکن ہم نے قومی سکیورٹی کے حوالے سے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، اگر حکومت نے ہمارے مطالبے پر عمل نہ کیا تو ہم دوسری اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعد حکومت کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے۔