Live Updates

خیبر پختونخوا میں رواں سال گرین گروتھ پروگرام کے تحت ایک ارب پودے لگا کر اسے سر سبز و شاداب بنایا جائے گا،عمران خان،عوام خیبر پختونخوا کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے شروع کردہ مہم کو عملی طور پر کامیاب کریں، ہر فرد کم از کم ایک پودا لگا کر اس مہم میں شرکت کرے،تقریب سے خطاب

ہفتہ 1 مارچ 2014 20:48

خیبر پختونخوا میں رواں سال گرین گروتھ پروگرام کے تحت ایک ارب پودے لگا ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں اس سال گرین گروتھ پروگرام کے تحت ایک ارب پودے لگا کر اسے سر سبز و شاداب بنایا جائے گا۔ صرف ہزارہ ڈویژن میں 21 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ یونیورسٹی کے حویلیاں کیمپس میں خیبر پختونخوا گرین گروتھ پروگرام کے تحت دیودار کا پودا لگانے کے بعد تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک نے بھی پودا لگایا اور خطاب کیا۔عمران خان نے کہا کہ درخت ماحول کو خوشگوار بنانے میں نمایاں کردا ر ادا کرتے ہیں ہزارہ یونیورسٹی نے شجرکاری کے لئے جو جگہ منتخب کی ہے وہ انتہائی موزوں اور محفوظ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی کے توسط سے اب تک پچاس ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری کی یہ ایک عمدہ اور قابل تقلید مثال ہے۔عمران خان نے صوبہ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ خیبر پختونخوا کو سر سبز و شاداب بنانے کے لئے شروع کردہ مہم کو عملی طور پر کامیاب کریں اور ہر فرد کم از کم ایک پودا لگا کر اس مہم میں شرکت کرے۔انہوں نے کہا کہ اس سال جتنے بڑے پیمانے پر شجرکاری ہو گی ،اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، ہم اس صوبہ کودیگر شعبوں میں بھی کامیاب بنائیں گے ۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے اس موقع پر مختصر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خیر پختونخو ا حکومت نے گرین گروتھ پروگرام شروع کیا ہے۔ جو ایک تاریخی قدم ہے گرین گروتھ پروگرام سماجی فلاح و بہبود ، دیر پا ماحولیات دوست او ر محفوظ اقتصادی نشوو نما کے واضح اہداف کے ساتھ قومی ترقی و خوشحالی کا پانچ سالہ منصوبہ ہے۔ جس کی تکمیل سے عوام کی سماجی و اقتصادی زندگیوں میں نمایاں تبد یلی رونما ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی نے اتنی بڑی تعداد میں پودے لگا کر ایک مثال قائم کی ہے صوبہ کے دوسروں اداروں کو بھی اس کی تقلید کرنا چائیے۔انہوں نے کہا کہ محض پودا لگانا کافی نہیں ان کی حفاظت کرنا بھی ہماری قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے ۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخو پرویز خٹک آج مختصر دورے پر ہزارہ یونیورسٹی کے حویلیاں کیمپس پہنچے تو اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان بھی ان کے ہمراہ تھے اور ہیلی پیڈ پر وزیر اعلی کے مشیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی، مشیر اعلی تعلیم مشتاق احمد غنی ،ایم پی اے سردار محمد ادریس،کمشنر ہزارہ عابد علی خان ،ڈی آئی جی ہزارہ اختر حیات گنڈا پور ، پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں ، کارکنوں و دیگر اہم سرکاری سیاسی و سماجی شخصیات اور ماحولیات کے اعلی افسروں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :