نواز شریف مسلم لیگ یا پنجاب کا نہیں پورے ملک کا وزیر اعظم ہے، اسدقیصر کی تربیلا ڈیم کے سنگ بنیادپرحکومتی ارکان کو نظر انداز کرنے کی مذمت، سیاست کا دور چلا گیا، تعصب سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی خدمت کر کے عوام کے مسائل حل کر نا ہو نگے،سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی

ہفتہ 1 مارچ 2014 20:28

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) صوبہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے وزیر اعظم کا دورہ تر بیلہ اور چوتھے تو سیعی منصوبے کے سنگ بنیاد کے موقع پر مقامی ایم این اے سمیت حکومتی ارکان کو نظر انداز کرنے کے خلاف وفاق کے اس رویے کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ میاں نواز شریف صرف مسلم لیگ یا پنجاب کا نہیں بلکہ پورے ملک اور عوام کا وزیر اعظم ہے اب سیاست کا دور چلا گیا ہے اس لئے تعصب سے بالاتر ہو کر مشترکہ طور پر ملک و قوم کی خدمت کر کے عوام کے مسائل حل کر نا ہو نگے۔

وہ ہفتہ کے روز باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور ( صوابی) میں پیرا میڈیکل ایسو سی ایشن ، کلاس فور و تھری کی حلف وفاداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس سے ایم پی اے بابر سلیم کے علاوہ ایسو سی ایشن کے صوبائی صدر ابن آمین ، جنرل سیکرٹری روی داد شاہ ، ضلعی صدر فضل حکیم ، فتح اللہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اگر وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر انہیں اور اس حلقے کے ایم این اے جو اس کے بھائی ہے کو دعوت دی جاتی تو ہم کم از کم گیس سمیت ضلع صوابی کے مختلف مسائل وزیر اعظم کے سامنے رکھتے ۔

ہم وفاق کے اس رویئے پر احتجاج کر تے ہیں حکومتوں کا اصول اور ضابطہ ہو تا ہے اس لئے اس کا وفاق کو خیال رکھنا ہو گا۔ اسد قیصر نے کہا کہ ضلع صوابی کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے گذشتہ روز وفاقی وزیر سے ان کی مصروفیات کی وجہ سے ملاقات نہ ہو سکی۔ اگلے ہفتے ان کے ساتھ ملاقات متوقع ہے اگر وفاق نے ایک ماہ کے اندر اندر ضلع صوابی کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات نہ اُٹھائے تو بحیثیت سپیکر عدالت عالیہ جاؤنگا۔

اور عوام کی حقوق لاکر دم لیں گے وفاق کو دل کھول کر رہنا ہو گا انہوں نے اعلان کیا۔ کہ ایک جدید انڈسٹری قائم کی جائے گی جس میں گیس سے بجلی پیدا ہو کر گدون اسٹیٹ کو سستے ریٹ پر فراہم کی جائے گی۔اسی طرح کرنل شیر خان انٹر چینج کے قریب چکدرہ سوات تک 82کلو میٹر ایکسپریس ہائی وے بھی تعمیر کرائی جائے گی۔جس کی وجہ سے شاہرائے ریشم کی بجائے لوگ چین اور چترال تک اس روڈ سے جائیں گے۔

جب کہ سیاحت کو بھی ترقی ملے گی۔ انہوں نے صوبے کی سطح پر پیرا میڈیکس کی بنیادی مسائل حل کر نے کیلئے صوبائی وزیر صحت ، قانون اور اسٹبلشمنٹ اور محکمہ صحت سے وابسطہ افسران کا مشترکہ اجلاس بلانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل حل کیلئے قانون سازی کیلئے اسمبلی میں بل لا کر پاس کرایا جائے گا۔ تاکہ محکمہ صحت کی ملازمین کو ان کے حقوق مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں جتنے ملازمین ہیں ان کی بنیادی حقوق کا نظام انصاف پر نہیں ظلم کی بنیاد پرقائم ہے۔ اس لئے پی ٹی آئی کی حکومت جو انصاف کی بنیاد پر اقتدار میں آئی ہے اور خدا نے ہمیں موقع دیا ہے اس لئے ملازمین کے حقوق اور ان کے بچوں کو روزگار اور معاشی لحاظ سے مستحکم کر نے کیلئے عملی کر دار ادا کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ بحیثیت سیاسی ورکر مجھے اپنا ماضی یاد ہے۔

صوابی ہی میں عوامی حقوق کیلئے اکثر مظاہرے اور احتجاج کر رہے تھے زندگی میں غلطی کی گنجائش ہے مگر غُلطی ( دھوکہ)نہیں کرینگے۔ آج اگر سپیکر ہوں تو یہ عوام کی وجہ سے ہوں صوابی کا ہر فرد سپیکر ہے انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی کے بڑے ہسپتالوں کے علاوہ چھوٹے ہسپتالوں کے لئے بارہ ڈاکٹروں کی منظوری دی ہے مگر اس میں صرف ایک ڈاکٹر آیا ہے کیونکہ محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی تقرری کا پروسیجربہت مشکل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو جابز کی ضرورت ہے اس لئے ضلع صوابی میں بڑے بڑے منصوبے شروع کر دیئے ہیں۔ باچا خان میڈیکل کمپلیکس کو کٹیگری بی سے بڑھا کا اے کا درجہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تر بیلہ ڈیم سے گرمی سے پہلے صوابی کو بجلی فراہمی شروع ہو جائے گی۔ جب کہ سوئی گیس ایک اہم ایشو ہے اسے ترجیح بنیادوں پر حل کرینگے انہوں نے کہا کہ صوابی میں ہسپتالوں کی آپ گریڈیشن اور باچا خان میڈیکل کالج ، وومن یونیورسٹی اور دیگر منصوبوں سے سولہ سو نوجوانوں کو روز گار ملے گا۔ اسی طرح محکمہ پولیس میں دو ہزار جوانوں کو بھی بھرتی کیا جائے گا۔ ٹوپی میں دس دن بعد پارک کا افتتاح کیا جائے گا جب کہ سٹیڈیم کا افتتاح اگلے ماہ کرینگے ۔