تحریک طالبان پاکستان نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا

ہفتہ 1 مارچ 2014 17:38

تحریک طالبان پاکستان نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا

ہنگو(رحمت اللہ شباب.اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) کالعدم تحریک طالبان نے جنگ بندی کااعلان کردیا. ترجمان کالعدم تحریک طالبان شاہداللہ شاہد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جنگ بندی کا اعلان ایک ماہ کے لیے کیا گیا ہے، ہر فیصلہ شوریٰ کے اتفاق اور امیر کی تائید کے ساتھ طے کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نیک مقاصد اور سنجیدگی سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کیا، ڈیڈ لاک کے خاتمے اور جنگ بندی کیلئے کمیٹی کو دی گئی تجاویز کا حکومت نے مثبت جواب دیا، ہماری تجاویز پر عمل درآمد کی پراعتماد یقین دہانی کرائی جا چکی ہے۔

شاہد اللہ شاہد نے مزید کہا کہ اکابر علما، طالبان کمیٹی کے احترام، اسلام، پاکستان کے بہتر مفاد میں جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، طالبان قیادت تمام حلقوں کو جنگ بندی کے اعلان کی پاسداری کی ہدایت کرتی ہے، جنگ بندی کے دوران ہر قسم کی کارروائیوں سے گریز کیا جائے، امید ہے کہ حکومت ہمارے فیصلے پر سنجیدگی سے غور کرے گی،امید ہے حکومت مذاکراتی عمل کو سیاست سے دور رکھ کر معاملے میں پیش رفت کرے گی۔