زچہ وبچہ کی صحت کو اولین ترجیح دینی چاہیے ،ترقی پذیر ممالک میں ان کی شرح اموات میں اضافہ تشویشناک ہے‘ وزیر بہبود آباد پنجاب

ہفتہ 1 مارچ 2014 14:53

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1مارچ 2014ء ) وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ زچہ وبچہ کی صحت کو اولین ترجیح دینی چاہیے کیونکہ ترقی پذیر ممالک میں ان کی شرح اموات میں اضافہ تشویشناک ہے۔یہ بات ہفتہ کے روز انہوں نے گورنمنٹ لیڈ ی ایچیسن ہسپتال میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ماں بچے کی صحت کے حوالے سے ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ ڈاکٹر بابر، لیڈی ایچیسن ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین،ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر شمشاد،ڈاکٹر سعید سجاد،ڈاکٹر ظفر نے شرکت وخطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے کے لئے میاں بیوی کی کونسلنگ نہایت ضروری ہے اور عورت فیملی موبلائز اور کمیونٹی ورکرز اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیدائش سے پہلے اور بعد میں بچو ں کی شرح اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پیدائش میں وقفے کے متعلق آگاہی بہت ضروری ہے۔بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود عوام الناس کو بہتر زندگی فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اور سول سوسائٹی آبادی کے مسئلے پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ورکشاپس کا اہتمام بہت ضروری ہے جہاں تربیت یافتہ سٹاف،ڈاکٹرز،نرسز،پیرامیڈیکل سٹاف،نرسنگ ومیڈیکل سٹوڈنٹس،کالج کے اساتذہ وطالبات تولیدی صحت کے حوالے سے معلومات لوگوں تک بہم پہنچا سکیں۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندہ ڈاکٹر بابر اور لیڈی ایچیسن ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سہیل ثقلین نے ادارے کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔بعدازاں ورکشاپس کے شرکاء میں سرٹیفیکٹ تقسیم کئے۔قبل ازیں بیگم ذکیہ شاہنواز نے لیڈی ایچیسن ہسپتال میں پودا لگا کر شجر کاری کی مہم کا آغاز کیا۔

متعلقہ عنوان :