پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید کا الطاف حسین کیخلاف قرار متفقہ طور پر منظور کروانے کیلئے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے رابطہ،الطاف حسین کے خلاف قرارداد کی (ن)لیگ نے حمایت کر دی ہے مگر ہم اس قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کروانا چاہتے ہیں ‘ میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 فروری 2014 23:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الر شید نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرار متفقہ طور پر منظور کروانے کیلئے (ق) لیگ ‘پیپلزپارٹی ‘جماعت اسلامی اور آزاد ار اکین اسمبلی سے رابطہ کر لیا ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈ ر میاں محمودالر شید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کا فوج سے اقتدار میں آنے کا مطالبہ پاکستان کے19کروڑ عوام اور جمہو ریت کی توہین ہے جو کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی اور جمہو ریت کیخلاف کوئی سازش کا میاب نہیں ہونے دی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ ملک میں جمہو ریت چاہتا ہے مگر ملک دشمنوں کے پیروکارملک پر آمر یت کے خوب دیکھ رہے ہیں جو کبھی بھی پورے نہیں ہو نگے ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی جانیوالی قرارداد کی (ن)لیگ نے حمایت کر دی ہے مگر ہم اس قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کروانا چاہتے ہیں جس کیلئے پیپلزپارٹی ‘(ق) لیگ ‘جماعت اسلامی اور آزاد راکین پنجاب اسمبلی سے بھی رابط کیا جا رہا ہے ۔امید ہے وہ بھی جمہو ریت اور قرار داد کا ساتھ دینگے ۔