کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی ،سرمایہ کاری مالیت میں47ارب33کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس304.35پوائنٹس اضافے سے 25783.28پوائنٹس پر بند ہوا

جمعہ 28 فروری 2014 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کئی روزسے چھائے مندی کے بادل چھٹ گئے ۔کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 25500,25600اور 25700کی نفسیاتی حد یں بیک وقت بحال ہوگئیں ۔سرمایہ کاری مالیت میں47ارب33کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت42.27فیصدزائد جبکہ50.13فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

پرافٹ ٹیکنگ اور فروخت کے دباوٴکے باعث کاروبارکا آغاز1پوائنٹ کی کمی سے ہوا ۔تاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ ،سیمنٹ اورآئل سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 25880پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیا ۔

(جاری ہے)

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس304.35پوائنٹس اضافے سے 25783.28پوائنٹس پر بند ہوا ۔

مجموعی طور پر369کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے172کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ185کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ12کے حصص میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں47ارب 33کروڑ 26لاکھ 50ہزار987روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر62کھرب79ارب 17کروڑ86لاکھ 69ہزار 666روپے ہوگئی ۔جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں23کروڑ 48لاکھ 80ہزار 700شیئرز رہیں جوجمعرات کے مقابلے میں6کروڑ97لاکھ 95 ہزار640شیئرز زائد ہیں ۔

قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے پاک ٹوبیکو کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت38.14روپے اضافے 801.07روپے،مری بریوری کے حصص کی قیمت 32.33روپے اضافے678.94روپے پر بند ہوئی ،نمایاں کمی نیسلے پاکستان کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 338.00روپے کمی سے 9287.00روپے جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت202.92روپے کمی سے 4149.95روپے پر بند ہوئی ۔جمعہ کو جہانگیر صدیقی کی سرگرمیاں1کروڑ86لاکھ 10ہزار 500شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 91پیسے کمی سے10.17روپے اور ٹی آر جی پاکستان کی سرگرمیاں کی سرگرمیاں1کروڑ76لاکھ 84ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 30پیسے اضافے سے14.45روپے ہوگئی ۔

کے ایس ای 30انڈیکس 182.08پوائنٹس اضافے سے 18755.18پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس575.17پوائنٹس اضافے سے 42886.67جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس162.01پوائنٹس اضافے 19282.40پوائنٹس پر بند ہوا ۔