پشاور، حکومت کی پہلی ترجیح عوام کو بنیادی سہولتوں کی جلد فراہمی اور ان کی زندگی کو سہل بنانا ہے ،شہرام خان ترکئی

جمعہ 28 فروری 2014 19:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زراعت شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ حکومت کی پہلی ترجیح عوام کو بنیادی سہولتوں کی جلد فراہمی اور ان کی زندگی کو سہل بنانا ہے اس لئے متعلقہ افسران جدید ٹیکنالوجی کے منصوبوں کی فوری تکمیل کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں تاکہ فرسودہ نظام کو ختم کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

یہ ہدایات انہوں نے پشاور میں محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ سیکرٹری آئی ٹی ظفر اقبال،ایڈیشنل سیکرٹری میاں سعد الدین،ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالباسط،ورکنگ گروپ کے ممبران محکمہ فنانس کے افسران اور آئی ٹی ماہرین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شعبہ آئی ٹی سے متعلق شروع کئے گئے منصوبوں کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور انہیں عوامی توقعات سے ہم آہنگ کرنے اور قابل عمل بنانے کے سلسلے میں آراء و تجاویز پیش کی گئیں۔

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو آئی سی ٹی کے پلان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزیر نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ منصوبوں میں مزید بہتری لانے اور حکومتی وژن کے مطابق اسے حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کردار کو مزید بہتر بنانے اور مختلف شعبوں کو انفارمیشن اور کمیونکیشن کی ٹیکنالوجی سے آراستہ اور باہمی طور پر منسلک کرنے کے لئے مشترکہ اقدامات اٹھائے جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سنجیدگی کے ساتھ عوامی تکالیف کا ازالہ چاہتی ہے اس لئے ماہرین انکی بنیادی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسے منصوبے ترتیب دیں جو موثر اور دیر پا ثابت ہوں۔

متعلقہ عنوان :