قوموں کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے،شوکت یوسفزئی،ایک کامیاب اور متوازن معاشرے کے قیام کے لئے سیاست و حکومت میں خواتین کی نمائندگی ناگزیر ہے، وزیرصحت خیبرپختونخوا

جمعہ 28 فروری 2014 19:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ایک کامیاب اور متوازن معاشرے کے قیام کے لئے سیاست و حکومت میں خواتین کی نمائندگی ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ویمن امپاورمنٹ اینڈ پولیٹیکل پارٹیسپیشن سے متعلق پراجیکٹ پر منعقدہ مشاورتی ورکشاپ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی،پارلیمنٹرینز،خواتین اراکین صوبائی اسمبلی،ڈائریکٹر فنانس اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء کو خیبر پختونخواسالانہ ترقیاتی پروگرام کی تشکیل اور نفاذ کے مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

شوکت علی یوسفزئی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لئے کوئی نئی سکیم نہیں دی گئی بلکہ پہلے سے جاری پروگراموں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ خواتین کو مضبوط کئے بغیرمعاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کیا جاسکتا کیونکہ کامیاب معاشرے کی تشکیل میں خواتین نے ہمیشہ بنیادی کردار اداکیاہے جس کا انکار ممکن نہیں۔وزیر صحت نے کہا کہ خواتین کو سیاسی،سماجی اور ادبی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے کیونکہ خواتین کے مسائل اور ان کے مطالبات کو وہ بہتر انداز میں سمجھ سکتی ہیں۔ورکشاپ کا انعقاد پاک ویمن اور یو این ویمن کے باہمی اشتراک سے کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :