سُنی تحریک کی اپیل پراینٹی طالبان ڈ ے منایاگیا ، ملک گیراحتجاجی مظاہرے ،ریلیاں،علماء ومشائخ کے جمعتہ المبارک کے موقع پر ”اِسلام دین امن ہے“کے موضوع پرخطابات ،طالبان کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں قراردادیں منظور

جمعہ 28 فروری 2014 19:35

راولپنڈی / اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری کی اپیل پر جمعہ کو ملک گیر ”اینٹی طالبان ڈے“ منایاگیا۔اس سلسلے میں علماء ومشائخ اہلسنت نے جمعتہ المبارک کے موقع پر ”اسلام دین امن ہے“کے موضوع پرخطابات کیے جبکہ طالبان کی دہشتگردی کیخلاف اور پاک فوج کے حق میں قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔

طالبان کیخلاف اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد، لاہور، جہلم، گوجرانوالہ، جڑانوالہ ،فیصل آبادحافظ آباد، ملتان، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین،بھکر، چنیوٹ،سکھر، حیدرآباد، پشاور،مظفرآباد،لاڑکانہ،جیکب آباد سمیت ملک گیرمظاہرے،ریلیاں ،سیمیناراور جلسے منعقد کئے گئے۔اسلام آباد سے سُنی تحریک کے ترجمان نعیم رضاکے مطابق جڑانوالہ میں جلسہٴ عام سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سُنی تحریک انجینئر محمدثروت اعجازقادری نے کہا کہ دہشتگردوں کو تحفظ فراہم کرنیوالے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں ، ملکی سا لمیت سے کھیلنے والی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو عوامی عدالت میں لائیں گے۔

(جاری ہے)

ملک و قوم کو محفوظ بنانے کیلئے حکومت اور عسکری قیادت کو فوری اور اہم فیصلے کرنا ہو ں گے۔آپریشن میں تاخیر ملک وقوم کیلئے زہرقاتل ہے۔دہشتگردوں کو شکست دینے کیلئے پوری قوم متحد ہے ، تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کوبھی سچ بولنا ہوگا۔ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے بچانے کیلئے ہمیں ذاتی اختلافات کی بجائے قومی مفادات کو ترجیع دینی ہو گی۔

ثروت اعجازقادری نے پارلیمنٹ لاجز سے متعلق جمشیددستی کے بیان پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جمشیددستی کے انکشافات نے پوری قوم کاسرشرم سے جھکادیاہے۔اسلامی مملکت کے پارلیمنٹ لاجز میں منشیات کے استعمال اورغیراخلاقی سرگرمیوں کی تحقیقات کی جائیں اورذمہ داروں کیخلاف سخت ترین کاروائی کی جائے۔انہوں نے شہرقائد میں ٹارگٹ کلنگ کے مسلسل واقعات کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باجود شہر میں دن دہاڑے بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے،کراچی کے آپریشن کو سات ماہ کا عرصہ گزر چکاہے لیکن اس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے نہیں آئے ، اسے ریویو کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے امریکی عدالت کی طرف سے یو ٹیوب سے گستاخانہ فلم کو ہٹائے جانے کے فیصلہ کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت اس پر فوری طورپر عمل درآمد کروائے۔ توہین آمیزفلم بنانے والوں کو بھی کیفرکردارتک پہنچایاجائے۔پاکستان میں یوٹیوب کی بندش کا فیصلہ بر قرار رکھا جاناچاہیے۔جب تک گستاخانہ فلم کو بنانے اور چلانے والوں کو سزا نہیں دی جاتی اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

ثروت اعجازقادری نے مطالبہ کیاکہ شام کے بحران کے حل کے لیے مسلم حکمران اپنا کردار ادا کریں۔ مسلم ممالک میں عالمی سازش کے تحت فرقہ واریت پھیلائی جا رہی ہے۔پاکستانی حکومت شام سے متعلق سعودی ولی عہد کیساتھ کیے گئے معاہدوں سے قوم کو آگاہ کرے۔پاکستان اسلام کا قلعہ اوراُمت مسلمہ کی اُمیدوں کا مرکز و محور ہے،ہمارے حکمرانوں کومسلم امہ کو جنگ میں دھکیلنے کی کوششوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔

مشرق وسطی کے حوالے سے پاکستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ مثبت رہی ہے،اب حکومت عرب بادشاہوں ایما پر اپنی خارجہ پالیسی اور پاکستان کے معیار کو دا پر نہ لگائے۔درایں اثناء …ترنول میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سُنی تحریک کے صوبائی رہنماڈاکٹرزاہدحبیب قادری، مفتی لیاقت علی رضوی ، علامہ وسیم عباسی، علامہ طاہراقبال چشتی، علامہ اشفاق احمدصابری، علامہ بشیراحمدنقشبندی ، ملک عبدالرؤف،ڈاکٹرمحمدطیب رضاودیگر نے کہا کہ پاک افواج دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کرے 19کروڑعوام ساتھ ہو نگے ۔

دہشتگردوں کو تنہا کرنے کیلئے انکی حامی جماعتوں کیخلاف بھی کاروائی کرنا ہوگی۔بندوق کے زور پر کسی کواپنا مسلک مسلط کرنے کی اجاز ت نہیں دی جائے گی۔دہشتگردی کا جواز پیش کرنیوالے رہنمابھی بہتے خون کے ذمہ دار ہیں۔ڈالروں اورریالوں کی ریل پیل سے مساجد اورکے نام پر دہشتگردی کے مراکز قائم کئے جارہے ہیں ۔ 4000سے زائدگرفتار دہشتگردوں میں سے کسی کو آج دن تک کوئی سزا نہ ہوناآزادعدلیہ پر سوالیہ نشان ہے ؟مدارس میں غیرقانونی طورپر مقیم طلباء کیخلاف فوری کاروائی کی جائے۔ بعض مساجد اور مدارس کو فرقہ ورانہ تعصب بندی کے لئے استعما ل کیا جا رہا ہے،دہشتگردوں کے تربیتی اڈوں کو فوری ختم کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :