کراچی ،ساحل سمندر کے نزدیک رنگ برنگے پھولوں کی 63 ویں سالانہ نمائش کا آغاز ہو گیا

جمعہ 28 فروری 2014 16:57

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء) ساحل سمندر کے نزدیک رنگ برنگے پھولوں کی 63 ویں سالانہ نمائش کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس نمائش میں خواتین اور خاص طور پر بچے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ خاصی بڑی جگہ پر ہونے والی نمائش میں ہر طرف پھولوں کی مہک چھائی ہوئی ہے اور آنے والوں کو لگتا ہے کہ یہ خوشبو جیسے سانسوں میں ہی بس گئی ہو۔ جبکہ قطار در قطار موجود پھولوں کے خوبصورت نظاروں سے آنکھیں ہٹانے کا دل ہی نہیں چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

نمائش میں ہر قسم کے پھول رکھے گئے ہیں جو برائے فروخت بھی ہیں۔ ان میں گلاب، سورج مکھی، گیندے سمیت ملکی و غیر ملکی پھول شامل ہیں۔ شرکا اس صورتحال سے نہایت مطمئن بلکہ بہت خوشی سے خریداریاں بھی کر رہے ہیں۔خواتین اور بچوں کا کہنا ہے کہ یہاں آکر تو گویا انکی روح کو بھی ایک تازگی سے مل گئی ہے۔ یہ نمائش بہت شاندار ہے اور وہ اس سے بہت لطف اندوز ہوئے ہیں۔ نمائش میں خوب صورت پھولوں سے ترتیب دیئے گئے نقش ونگار نہایت فرحت بخش ہیں۔ یہ نمائش اتوار تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :