اشیاء خوردونوش کے بعد چینی کے قیمتوں میں مسلسل اضافہ لمحہ فکریہ ہے ‘ میاں کامران سیف

جمعہ 28 فروری 2014 16:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں کامران سیف نے کہا ہے کہ اشیائے خورد ونوش کے بعد چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ لمحہ فکریہ ہے، حکومت اس طرف فی الفور توجہ دے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرے کیونکہ ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں ۔چینی کی قیمتوں میں اضافہ مل مالکان کا کارٹیل ہے جسے ختم کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ چینی کی قیمتوں کو سابق سطح پر واپس لایا جاسکے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پچھلے سالوں میں بھی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا تھا جس پر عدالت عالیہ نے نوٹس لے کر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی تھی ۔اس سے قبل کہ عدالت پھر اس کا نوٹس لے حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے چینی کی قیمتوں کو فوری کنٹرول کرنے کے لیے موثر اقداما ت اٹھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

میاں کامران سیف نے کہا کہ کسانوں کی مشکلات کے پیش نظر اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ کی بناء پر گنے کی امدادی قیمت میں بھی اضافہ کیا جائے کیونکہ بجلی مہنگائی کی بناء پر پیداواری لاگت میں اضافہ کے باعث گنے کی کم قیمت مقرر ہونے سے کسانوں کا استحصال ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی کے باعث سفید پوش اور غریب عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ،حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے موثر اقدامات کرے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔