ساؤتھ ایشیا لیبرکانفرنس میں سارک ممالک کے وزراء شرکت کریں گے‘صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل

جمعہ 28 فروری 2014 16:54

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء )صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ 24اپریل یا 26اپریل تک لاہور میں منعقد ہونے والی ساؤتھ ایشیاء لیبر کا نفرنس سارک ممالک میں مزدور طبقہ کی فلاح و بہبود، حقوق کے تحفظ اور انٹرنیشنل لیبر لاز کے اطلاق کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے میں سودمند ثابت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ادارہ سوشل سیکورٹی میں اس کانفرنس کے انعقاد کیلئے جاری انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ایم پی اے وحید گل اور سائرہ افتخار ، سیکرٹری لیبر کیپٹن(ر) محمد یوسف، کمشنر سوشل سیکورٹی فرحان عزیز خواجہ، وائس کمشنر شاہد عادل اور دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں ساؤتھ ایشیاء لیبر کانفرنس کے مختلف پروگراموں کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

(جاری ہے)

ایم پی اے سائرہ افتخار نے اجلاس کو بتایا کہ لیبر کا نفرنس میں آرٹس اینڈکرافٹس شو اور کلچرل ایوننگ کے ذریعے صوبہ پنجاب کی تاریخی ثقافت اور ہنر مند مزدوروں اور خواتین ورکرزکے ہینڈی کرافٹس اور کاٹیج انڈسٹری کی نمائش کی جائے گی جبکہ سارک ممالک میں مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بین الاقوامی سطح کے اس ایونٹ کا لاہور میں کامیاب انعقاد حکومت پنجاب بالخصوص لیبر ڈیپارٹمنٹ کیلئے فخر کے ساتھ ساتھ چیلنج کی حیثیت رکھتاہے۔ تمام متعلقہ ادارے اس کا نفرنس کی کامیابی کیلئے بلا ناغہ میٹنگز اور اقدامات کے ذریعے دن رات متحرک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں سارک وزراء ، لیبر و ایمپلائرز تنظیموں، این جی اوز ، لیبر لاز ماہرین کے ساتھ ساتھ پاکستان اور مختلف ممالک کے صنعت کار، تاجر ، سرمایہ کار اور مزدور بھرپور شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ساؤتھ ایشیاء کانفرنس کے مختلف پروگراموں پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط رابطے اور مشترکہ لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔