ملائشیا حکومت کا غیر قانونی تارکین وطن کیخلاف آپریشن ‘پاکستانی انسانی سمگلر سمیت کئی افرادگرفتار

جمعہ 28 فروری 2014 14:51

کوالا لمپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء) ملائشیا حکومت کے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری آپریشن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے انسانی سمگلر سمیت کئی افرادگرفتار ، ایجنٹ سے جعلی ویزہ سٹکر ، پاسپورٹس اور دیگر کاغذات برآمد، لاہور /اسلام آباد ایئر پورٹ میں تعینات اہلکاروں کی ملی بھگت سے درجنوں افراد کو ملائشیا جعلی کاغذات پر بلوا کر جمع پونجی لوٹ لی، تفصیلات کے مطابق ملائشیا حکومت کے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی طور پر ملائشیا میں مقیم دو درجن سے زائد افراد سمیت ایک انسانی سمگلر شبیر منظور گھمن ساکن نین سکھ سگیاں عمر فاروق پاک اسلام پورہ بندروڈ لاہورکو چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا جس کے قبضہ سے غیر قانونی کاغذات، جعلی ویزہ سٹکرز اور کئی پاسپورٹس برآمد ہوئے ہیں، ابتدائی تفتیش کے دوران انسانی سمگلر نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ تین سالوں سے ملائشیا میں مقیم ہے اور اس دوران وہ پاکستان سے ائیر پورٹ پر تعینات مختلف اہلکاروں کی ملی بھگت سے کئی افراد کو وزٹ ویزہ پر بلوا چکا ہے اور یہاں پر بھی ویزہ پرمٹ لگانے کی آڑ میں غریب لوگوں کو ہزاروں رنگٹ اور پاسپورٹس سے محروم کیا ہے، پاکستانی کمیونٹی نے انسانی سمگلر کی گرفتاری پر ملائشین پولیس کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سکھ کا سانس لیا ہے اورپاکستانی حکام و ایف آئی اے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان ایئر پورٹس سے وزٹ ویزہ پر ملائشیا آنے والے افراد سے پوچھ گچھ کی جائے اور انہیں ملی بھگت سے فلائٹ پر جانے کی اجازت دینے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔