نوا زشریف کی چال ڈھال سے لگ رہاہے حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے گی،چوہدری پرویز الہٰی،پرویز مشرف کو سزا دینے سے فوج کامورال گرے گا، چوہدری شجاعت نے جنرل اسلم بیگ کی پیسے لینے کی آفر ٹھکرادی،وقت آنے پر انتقامی سیاست والوں کو کٹہرے میں لائیں گے، عوام مہنگائی کی چکی تلے پس رہے ہیں،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعرات 27 فروری 2014 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاب وسینئر رہنماء مسلم لیگ(ق)چوہدری پرویز الہٰی نے کہاہے کہ وزیراعظم نوا زشریف کی چال ڈھال سے لگ رہاہے کہ یہ حکومت پانچ سال پورے نہیں کرے گی،مسلم لیگ(ن)کے تینوں ادوار میں عوام کو مایوسی کے سواکچھ نہیں ملا،شہبازشریف کے دعوؤں کا عوام ان سے حساب لیں گے،حکومت مخلص ہے تو بی اے تک تعلیم مفت کرے،وقت آنے پر انتقامی سیاست والوں کو کٹہرے میں لائیں گے،آرمی چیف غدارنہیں ہوسکتا،پرویز مشرف کو سزا دینے سے فوج کامورال گرسکتاہے،نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب وسینئر رہنماء مسلم لیگ(ق)چوہدری پرویز الہیٰ نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کی چال ڈھال سے پتہ چلتاہے کہ ان کی حکومت پانچ سال پورے نہیں کرپائے گی کیونکہ عوام ان کے طورطریقے دیکھ چکے ہیں اورعوام نہیں چاہتے کہ وہ مزید مشکلات کا شکارہوں،انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کے تینوں ادوارمیں عوام کو سوائے مایوسی کے کچھ نہیں ملا،پہلے دونوں ادوارمیں عوام مہنگائی کی چکی تلے پستے رہے اب بھی وہی حال ہے ان کی زندگی میں تبدیلیاں لانے والے اب اپنی کارکردگی کی وجہ سے چھپتے پھرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ کسی بھی حکومت کے پہلے چھ سے آٹھ ماہ میں سب کچھ سامنے آجاتاہے ،چوہدری پرویز الہٰی نے کہاکہ انتخابات سے قبل شہباز شریف نے بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے اوردیگر کئی دعوے کیئے تھے اب عوام ان سے دعوؤں کا حساب لے گی،انہوں نے کہاکہ پڑھا لکھا پنجاب مسلم لیگ(ق) کا بنیادی مشن تھا ،حکومت مخلص ہے تو بی اے تک تعلیم مفت کرے،سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ وقت آنے پر انتقامی سیاست والوں کو کٹہرے میں لائیں گے،انہوں نے کہاکہ آرمی چیف غدارنہیں ہوسکتا،پرویز مشرف کو سزا دینے سے فوج کامورال گرسکتاہے،انہوں نے کہاکہ اگر مقدمہ شروع کرنا ہے تو پھر 1999سے شروع کیاجائے،انہوں نے کہاکہ جنرل اسلم بیگ نے چوہدری شجاعت کو آفرکی تھی کہ باقی سیاسی جماعتوں نے بھی پیسے لیے ہیں آپ بھی لے لیں اورالیکشن لڑیں جواب میں چوہدری شجاعت نے آفر ٹھکرادی اورکہاکہ آپ ہمارے لیئے دعاکریں۔