خیبرپختونخو اسمبلی اجلاس،تدریسی ہسپتالوں میں مینجمنٹ کمیٹیوں کے ارکان کی نامزدگیوں سے متعلق بحث ،رکن اسمبلی ارباب اکبر حیات کی جانب سے کمیٹی کے رکن محسن علی خان پر 84 کروڑ روپے گیس چوری کے الزامات

جمعرات 27 فروری 2014 22:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا اسمبلی میں صوبے کے مختلف تدریسی ہسپتالوں میں مینجمنٹ کمیٹیوں کے ارکان کی نامزدگیوں سے متعلق گرما گرم بحث ہوئی۔ ن لیگ کے رکن اسمبلی ارباب اکبر حیات کی جانب سے کمیٹی کے رکن محسن علی خان پر 84 کروڑ روپے گیس چوری کے الزامات لگائے گئے ۔ ڈپٹی سپیکر امتیاز شاہد کی زیر صدارت اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی ارباب اکبر حیات نے صوبہ کے تدریسی ہسپتالوں میں مینجمنٹ کمیٹیوں کے اراکین کی تقرریوں سے متعلق تفصیلات مانگی تھیں ۔

رکن اسمبلی اکبر حیات کا موقف تھا کہ تدریسی ہسپتالوں کے مینجمنٹ کمیٹیوں میں ایسے ارکان کو لیا گیا ہے جن میں ایک ایبٹ آباد سے تحریک انصاف کے رہنما کے قریبی عزیز ہیں جبکہ کمیٹی میں ایک نام محسن علی خان کا بھی ہے جو اس وقت 84 کروڑ روپے کی گیس چوری میں ملوث ہیں جس پر صوبائی وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ تدریسی ہسپتالوں میں مینجمنٹ کمیٹیوں کے جو ارکان لئے گئے ہیں ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں یہ تمام ارکان قابل احترام ہیں ۔

(جاری ہے)

معزز رکن اسمبلی جو الزامات عائد کر رہے ہیں وہ افسوسناک ہیں ۔ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ ایوان میں پیش کریں جس پر ن لیگ کے رکن اسمبلی ارباب اکبر حیات نے کہاکہ ان کے سوال کو متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کیا جائے اور وہ ثبوت سٹینڈنگ کمیٹی میں پیش کریں گے ان کا اصرار تھا کہ سپیکر ایوان سے رائے لیں۔اگر ایوان نے سوال کو سٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد نہ کیا تو ٹھیک ہے جس پر شوکت علی یوسفزئی نے دوبارہ کہا کہ ٹھیک ہے انہیں سوال کو متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کئے جانے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر محرک اپنے الزام سے متعلق ثبوت پیش نہ کر سکے تو انہیں ایوان میں الزام لگانے پر معافی مانگنی پڑے گی جس پر رکن اسمبلی اکبر حیات دوبارہ کھڑے ہو گئے اور انہوں نے کہاکہ جناب سپیکر ایوان سے رائے لی جائے کہ ان کا سوال متعلقہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے یا نہیں جس پر سپیکر نے ایوان کی رائے لی اور ایوان نے کثرت رائے سے ن لیگ کے رکن اسمبلی ارباب اکبر حیات خان کے سوال کو متعلقہ سٹینڈنگ کمیٹی کے حوالے کردیا۔

متعلقہ عنوان :