Live Updates

تحریک انصاف کا پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں خیبرپختونخواہ سے نیٹو رسد کی بندش کھولنے کا فیصلہ ،نیٹو رسد معطل رکھنے کا مقصد امریکی انتظامیہ کی جانب سے پاکستانی حدود میں ڈرون حملے رکوانا تھا،اوباما حکومت پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے ہیں، اعلامیہ

جمعرات 27 فروری 2014 22:15

تحریک انصاف کا پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں خیبرپختونخواہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں خیبرپختونخواہ سے نیٹو رسد کی بندش کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس چیئرمین عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں افغانستان جانے والی ٹرانزٹ گاڑیوں کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر تفصیلی بحث کی گئی اور قانون اور عدالتوں کے احترام میں نیٹو کی رسد کی بندش کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامئے کے مطابق 3مہینوں تک نیٹو رسد معطل رکھنے کا مقصد امریکی انتظامیہ پر پاکستان کی حدود میں ڈرون حملے رکوانے کیلئے زیر بار لانا تھا چنانچہ تحریک انصاف کی کورکمیٹی یہ سمجھتی ہے کہ وہ اوباما حکومت پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہی ہے جس کے نتیجے میں امریکہ تاحال جاسوس طیاروں کے حملوں سے گریزاں ہے۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ تحریک انصاف کی قیادت کا متفقہ طور پر یہ بھی ماننا ہے کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی گروہوں کے ہمراہ وزیرستان مارچ کے ذریعے تحریک انصاف ہی واحد جماعت ہے جس نے ڈرون حملے رکوانے کیلئے امریکہ پر دباؤ ڈالا تھا۔

ا علامئے کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے انتہائی مشکلات کے باوجود لمبے عرصے تک کامیابی سے نیٹو سپلائی معطل رکھنے پر کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے آج کے اجلاس میں تحریک انصاف کی قیادت نے مسلم لیگ نواز کی جانب سے اعلی عدلیہ کا احترام نہ کرنے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی حکومت عدالتوں کے احکامات پر عملدرآمد سے مسلسل گریز کی روایت پر کاربند ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پشاور ہائی کورٹ جس کے حکم کے بعد تحریک انصاف نے افغانستان رسد کی آمدورفت کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، نے وفاقی حکومت کو امریکہ کی جانب سے ڈرون حملے نہ روکنے پر نیٹو رسد روکنے اور جاسوس طیارے مار گرانے کا حکم دیا تھا جس پر تاحال عمل نہیں کیا گیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات