کرکٹر عمر اکمل کے بعد انکے بڑے بھائی کامران اکمل کا بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرچالان ،کامران اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا کوشش کروں گا دوبارہ ایسی غلطی نہ دہراؤں ‘ میڈیا سے گفتگو۔ تفصیلی خبر

جمعرات 27 فروری 2014 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) کرکٹر عمر اکمل کے بعد انکے بڑے بھائی کامران اکمل کا بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرچالان کر دیا گیا ،کامران اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوشش کروں گا دوبارہ ایسی غلطی نہ دہراؤں ۔ بتایا گیا ہے کہ قومی کرکٹر کامران اکمل ماڈل ٹاؤن کرکٹ کلب میں پریکٹس کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی جارہے تھے کہ کلمہ چوک کے قریب موبائل فون سننے پر ٹریفک وارڈن نے انکی گاڑی کو روک کر 500 روپے کا چالان کر دیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہوتا ہے، مجھ سے غلطی ہوئی اس لئے ٹریفک وارڈن کی جانب سے میرا چالان گیا۔ وارڈن نے مجھ سے پیا ر سے بات کی ، عمر سے بھی اسی طرح بات کر نی چاہیے تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اسی لئے ہم نے حقائق سامنے لانے کیلئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے عمر اکمل کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس پر ہمارے وکلاء عدالت میں دفاع کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یکم فروری کو ٹریفک وارڈن کی جانب قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کا بھی چالان کردیا گیا تھا تاہم بعد میں ان کے خلاف ٹریفک وارڈن پر تشدد اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج کیا گیا اور گزشتہ روز عدالت کے طلب کرنے پر وہ ایشیا کپ میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوپائے جس پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :