امید ہے پاکستان کے شمالی وزیرستان میں آپریشن کی صورت میں افغانستان دہشت گردوں کو پناہ نہیں دیگا،دفتر خارجہ ،شامی باغیوں کیلئے پاکستان کی جانب سے اسلحہ فراہم کرنے کی اطلاعات بے بنیاد ہیں ،شام خود جنیوا ون اور جنیوا ٹو معاہدے تسلیم کر چکا ہے، پاکستان کا شام میں قیادت کی تبدیلی میں کوئی کردار نہیں ،بیرونی خواہشات پر حکومت کی تبدیلی کے موقف کا کبھی حامی نہیں رہا، بھارتی جیل میں جاں بحق ہونیوالا پاکستانی شوکت علی اگر دماغی مریض تھا تو اسے جیل میں کیوں رکھا گیا ، بھارت سے ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے،ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کی ہفتہ وار بریفنگ ۔ تفصیلی خبر

جمعرات 27 فروری 2014 19:56

امید ہے پاکستان کے شمالی وزیرستان میں آپریشن کی صورت میں افغانستان ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے شمالی وزیرستا ن میں آپریشن کی صورت میں امید ہے افغانستان بھاگنے والے دہشت گردوں کو نہ تو پناہ اور نہ اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت دیگا، شام کے باغیوں کیلئے پاکستان کی جانب سے اسلحہ فراہم کرنے کی اطلاعات قطعی بے بنیاد ہیں شام خود جنیوا ون اور جنیوا ٹو معاہدے تسلیم کر چکا ہے پاکستان کا شام میں قیادت کی تبدیلی میں کوئی کردار نہیں ، پاکستان بیرونی خواہشات پر حکومت کی تبدیلی کے موقف کا کبھی حامی نہیں رہا۔

بھارتی جیل میں جاں بحق ہونے والا پاکستانی شوکت علی اگر دماغی مریض تھا تو اسے جیل میں کیوں رکھا گیا ، بھارت سے ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ پاکستان کا شام کی حکومت تبدیل کرنے میں کوئی کردار نہیں ۔

(جاری ہے)

شام مسئلہ کے فریقین خود ہی جینوا ون اور جینوا ٹو عمل کو تسلیم کر چکا ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے شام میں باغیو ں کیلئے اسلحہ فراہم کرنے کی خبریں پراپیگنڈا اور قطعی بے بنیاد ہیں ، پاکستان بین الاقوامی مروجہ قوانین کے مطابق ہی اسلحہ فروخت کرتا ہے ۔ پاکستان شام کی سرحدی حدود اور خودمختاری کا احترام کرتا ہے اور شام کی حکومت میں تبدیلی میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا اور بیرونی دباؤ سے ملکوں میں حکومتوں کی تبدیلی کا حامی رہا ہے ۔

وزیر ستان آپریشن کے حوالے سے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان امید رکھتا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگا اور اگر پاکستان نے وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ کیا تو بھاگنے والے دہشت گردوں کو افغانستان پناہ نہیں دیگا ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حکومت اور وہاں سیکیورٹی کے ذمہ دار یقینا اس امر کو یقینی بنائیں گے ۔

بھارتی جیل میں پاکستانی شہری کی ہلاکت کے حوالے سے سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی جیلوں میں تقریبا 500 شہری قید ہیں ،شوکت علی کی ہلاکت کے بارے میں بھارت نے آگاہ کیا ہے کہ شوکت علی دماغی مریض تھا اور اس نے خودکشی کی ہے ۔ بھارت بتائے کہ اگر شوکت علی دماغی مریض تھا تو اسے جیل میں رکھا ہی کیوں گیاتھا انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے شوکت علی کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ میں ایران پر عائد پابندیاں رکاوٹ ہیں اور اس ضمن میں ایرانی حکومت سے بات چیت ہور ہی ہے ۔ ایران بھی بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے معاہدہ کی شرائط پوری کرنے کے قابل نہیں ہے۔