اولمپک ایسو سی ایشن اورپی او اے میں جاری تنازعے کا حل انتہائی ناگزیر ہے ، سینیٹر سلیم ایچ مانڈوی والا،ذاتی انا کی خاطر قومی کھیلوں اور کھلاڑیوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،اجلاس سے خطاب

جمعرات 27 فروری 2014 19:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء)کھلاڑیوں اور کھیلوں کو تباہی سے بچانے کے لئے اولمپک ایسو سی ایشن اورپی او اے میں جاری تنازعے کا حل انتہائی ناگزیر ہے ذاتی انا کی خاطر قومی کھیلوں اور کھلاڑیوں کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے کنوینیئر سینیٹر سلیم ایچ مانڈوی والا نے ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں صدارت کرتے ہوئے کیا ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر کلثوم پروین ،سینیٹر ڈاکٹر سعیدہ اقبال اور سینیٹر ثریا امیر الدین کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ عامر طارق زمان، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر اختر نواز اور ڈائریکٹر پاکستان ا سپورٹس بورڈ اعظم ڈار کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان ا سپورٹس فیڈریشنز ،پاکستان ا سپورٹس پالیسی ، پاکستان ا سپورٹس بورڈ کے معاملات اور سابقہ اجلاس میں دی جانے والی سفارشات عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا ۔ کنوینیئر کمیٹی نے کہا کہ حکومت اولمپک ایسوسی ایشن کے لئے بہتر سفارشات مرتب کرنے کی خواہاں ہے اس سلسلے کے پیش نظر ذیلی کمیٹی تشکیل دی گی تاکہ حکومت اور پی اواے ،اولمپک ا یسو سی ایشن کے درمیان تنازعات کو حل کر کے کھیلوں کے فروغ کے لئے موثر قانون سازی کی جا سکے اور پاکستان ا سپورٹس پالیسی موثر سے موثر ترتیب دی جا سکے انہوں نے کہا کہ قومی ا سپورٹس پالیسی بن تو گی ہے مگر پالیسی پر عمل در آمد نہ ہونے کی وجہ سے متعدد قومی ا سپورٹس فیڈریشنز کنٹرول سے باہر ہوگی ہیں جس کی وجہ سے کھیلوں کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے جس پر ایڈیشنل سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت پی او اے کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اولمپک ایوسی ایشن کے ساتھ بھی معاملات حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے رکن کمیٹی سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کا سفیر ہوتا ہے اولمپک ایسوسی ایشن کو ہم اپنے قانون کے مطابق نہیں چلا سکتے اور اگر ہم پر پابندی لگ گئی تو ملک و قوم کا بہت ذیادہ نقصان ہو گا پاکستان کا ٹیلنٹ تباہ ہوجائے گا۔

چند لوگوں کی لڑائی ملک میں کھیلوں کو تباہ کر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ اگر معاملات کو حل نہ کیا گیا تو پاکستان کو نہ صرف مالی نقصان ہو گا بلکہ کھلاڑیوں اور کھیلوں کا مستقبل تباہ ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان دنیا میں کھیل کے میدان میں تنہا رہ جائے گا اس لئے ضروری ہے کہ حکومت اسپورٹس پالیسی اور جاری تنازعات کو جلد سے جلد حل کرائے۔