Live Updates

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کے دھرنے کو 97روز مکمل ہو گئے،جمعرات کو پی کے ون پشاور کے کارکنان نے ہدایت آفریدی کی قیادت میں دھرنا دیا

جمعرات 27 فروری 2014 19:02

پشاور(رحمت اللہ شباب.اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنے کو 97 روز مکمل ہو گئے ۔جمعرات کو دھرنے کے 97ویں روز تحریک انصاف پی کے ون پشاور کے کارکنان نے ہدایت آفریدی ، آرگنائزر دھرنا ٹاؤن ون عزیزصافی اور بابائے دھرنا فیاض خلیل کی قیادت میں دھرنا دیا۔دھرنے میں پی کے ون کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی موجود رہے ۔

اس موقع پر ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے ڈرون حملوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی پاکستانی سرزمین کے اوپر ڈرون طیارے منڈلاتے رہتے ہیں اور وفاقی حکومت سمیت کسی کو یہ فکر نہیں کہ ان کا تدارک کیا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اگرحکومتی عہدیداران کے مطابق وزیر اعظم کے کہنے پر امریکہ نے ڈرون حملے روک دئے ہیں تو پھر میزائل بردار ڈرون طیارے کیوں فاٹا میں اڑ رہے ہیں ؟ انھوں نے کہا کہ قوم کو ان باتوں سے دھوکہ نہ دیا جائے ،حکمران امریکہ کے سامنے ڈرون حملوں کے حوالے سے دو ٹوک موقف اپنانے میں ناکام ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ڈرون حملوں کے نتیجے میں بیگناہ پاکستانی متاثر ہوتے ہیں اور دنیا کا کوئی غیرتمند حکمران اپنے عوام پر کسی دوسرے ملک کی بمباری قبول نہیں کر سکتا۔کارکنان نے اس موقع پرڈرون حملوں کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی بھی کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات