بھارتی فلموں کیخلاف درخواستیں،عبدالحفیظ پیرزادہ ، سلمان اکرم معاون مقرر

جمعرات 27 فروری 2014 15:31

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27فروری 2014ء)لاہور ہائیکورٹ نے بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے عبدالحفیظ پیرزادہ اور سلمان اکرم راجہ کو عدالتی معاون مقرر کر دیا جسٹس سید منصور علی شاہ نے درخواستوں کی سماعت کی ۔ درخواست گزاروں نے عدالت کو بتایا کہ بھارتی فلموں کی نمائش سے جہاں پاکستانی فلم انڈسٹری کو نقصان پہنچ رہا ہے وہاں معاشرے پر بھی برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

امپورٹ پالیسی کے تحت بھارتی فلموں کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دی جا سکتی لہٰذا عدالت ان غیر قانونی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کرے ۔ عدالت نے قرار دیا کہ معاملہ اہم نوعیت کا ہے جس کے تمام پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا ۔ عدالت نے سینئر قانون دان عبدالحفیظ پیرزادہ اور سلمان اکرم راجہ کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے سماعت سولہ اپریل تک ملتوی کر دی۔عدالت نے بھارتی فلموں کی درآمد اور انھیں سنسر کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔