حکومت نے عوام بالخصوص کم مراعات یافتہ اور غریب طبقات پر خصوصی توجہ مرکوز کرکھی ہے ،صدرممنون حسین، صحت عامہ کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے جامع اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں،صحت عامہ کی معیاری خدمات کی فراہمی میں حکومت اور نجی شعبے کی مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، ایوان صدر میں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے 20 سال مکمل ہونے پر تقریب تقسیم اعزازات سے خطاب

بدھ 26 فروری 2014 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے عوام بالخصوص کم مراعات یافتہ اور غریب طبقات پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے انہیں صحت عامہ کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے، اس ضمن میں حکومت اور نجی شعبے کی مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ صدرمملکت نے یہ بات بدھ کو ایوان صدر میں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے 20 سال مکمل ہونے پر تقریب تقسیم اعزازات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں وزیر مملکت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کو آرڈینیشن سائرہ افضل تارڑ، چیئرمین شفاء انٹرنیشنل ہسپتال ڈاکٹر حبیب الرحمن، چیف ایگزیکٹو آفیسر شفاء انٹرنیشنل ہسپتال ڈاکٹر منظور قاضی، ہسپتال کے ڈاکٹروں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، ملک کی بہت بڑی آبادی کو صحت عامہ کی سہولیات مہیا کرنا ایک کٹھن کام ہے جو حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی انجام دیا جا سکتا ہے اس مقصد کے لئے حکومت نے ملک میں سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے نجی شعبہ کو متعدد مراعات پیش کی ہیں۔

صدر مملکت نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ان مراعات سے فائدہ اٹھائیں اور صحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کریں جو سماجی ثمرات کے علاوہ پرکشش اقتصادی فوائد کا بھی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاء انٹرنیشنل ہسپتال صحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے ثمرات سے مستفید ہونے کے لئے ایسی ہی ایک قابل تقلید مثال ہے، حکومت عوام کو معیاری مگر قابل برداشت صحت کی خدمات کی فراہمی کے میدان میں سرمایہ کاری کے لئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اسی ایجنڈے کی روشنی میں حکومت معاشرے کے کم مراعات یافتہ اور غریب طبقات کو سہولت دینے پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ملک میں صحت کی خدمات کو بہتر اور معیاری بنانے کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے اس کے علاوہ ملک میں صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو صحت کی معیاری خدمات تک رسائی فراہم کرنے کے لئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ بھی مل کر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈیکل عملے نے صحت کے شعبہ میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام کمایا ہے، یہ وقت ہے کہ قوم ان کی صلاحیتوں اور مہارت سے فائدہ اٹھائے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کرے گی۔ صدر ممنون حسین نے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے 20 سال کی تکمیل پر ایوارڈ تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے یاد دلایا کہ 1993ء میں سمندر پار پاکستانیوں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ”قرض اتارو ملک سنوارو“ مہم سے حوصلہ پاتے ہوئے ملک میں صحت کے شعبے میں اعلیٰ معیار کا حامل ادارہ قائم کرنے کا اقدام اٹھایا جو لوگوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اپنی اعلیٰ مہارت اور معیارات کی بدولت معروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے معیاری ادارے کی حیثیت سے یہ کامیابی اس کے بانیوں کے عزم، لگن اور ولولے کی عکاس ہے۔ صدر نے کہا کہ انتہائی مہارت یافتہ اور پرعزم پروفیشنلز اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ شفاء انٹرنیشنل ہسپتال ملک میں ایک کامیاب قابل تقلید مثال ہے، یہ اپنے ہم وطنوں کی خدمت کے لئے حقیقی مخیرانہ جذبے کی حامل علامت ہے، مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ شفاء انٹرنیشنل ہسپتال گردے، جگر اور بون میرو پیوندکاری کے پروگرام کامیابی سے چلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ہسپتالوں میں علاج کے خطیر اخراجات برداشت نہ کر سکنے والے ہزاروں مستحق مریضوں کو شفاء فاؤنڈیشن کے ذریعے علاج معالجے کی فراخدلانہ سہولیات کی فراہمی قابل تحسین ہے، یہ امر بھی اطمینان بخش ہے کہ اب شفاء انٹرنیشنل اپنی سہولیات کا دائرہ نہ صرف ملک کے اندر بڑھا رہا ہے بلکہ سرحد کے پار بھی اسے وسعت دے رہا ہے اور اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داریاں بھی ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں افغانستان سے بھی نرسوں کو تربیت فراہم کی ہے تاکہ ہمسایہ ملک کی طبی اداروں کی تشکیل نو میں مدد کی جا سکے، یہ کاوشیں پاکستانی ہیلتھ کیئر کی سہولیات کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے اور ہماری قوم کے متعدل اور ترقی پسند تشخص کو بھی اجاگر کرنے کے لئے معاون ہو گی۔ صدر نے کہا کہ یہ امر بھی اطمینان بخش ہے کہ شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی اپنے ملحقہ کالجز آف میڈیسن، نرسنگ، فزیکل تھراپی اور آئندہ کے کالجز آف فارمیسی اینڈ پیرا میڈکس کے ذریعے طبی تعلیم کے میدان میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاء تعمیر ملت یونیورسٹی اور تعمیر ملت فاؤنڈیشن کا یہ کردار قابل تحسین امر ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے ان کاوشوں کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ قبل ازیں صدر مملکت نے شفاء انٹرنیشنل کے 20 سال مکمل ہونے پر مختلف شعبوں میں شاندار خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعزازات تقسیم کئے۔ شفاء انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈاکٹر منظور قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاء انٹرنیشنل صحت کے میدان میں جدوجہد اور کامیابی کی منفرد مثال ہے، ادارے نے طب کے شعبہ میں اعلیٰ معیارات متعارف کرائے ہیں اور کئی قومی اور بین الاقوامی اعزازات حاصل کئے ہیں۔

انہوں نے حکومت کی طرف سے اس ضمن میں معاونت فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صدر مملکت کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ چیئرمین شفاء انٹرنیشنل ہسپتال ڈاکٹر حبیب الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفاء انٹرنیشنل کے قیام کے 20 سال مکمل ہونے پر ادارے کی کامیابیوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ میں جدید سہولیات کا حامل یہ ہسپتال صحت کے میدان میں معیاری طبی خدمات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شفاء انٹرنیشنل نے صحت کے شعبے میں اعلیٰ معیارات اور پیشہ ورانہ مہارت کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ ضرورت مند مریضوں کو بھی اسی معیار کے مطابق علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :