پشاور، صوبائی حکومت کی پوری توجہ معیاری اور فنی تعلیم پر مرکوز ہے،شہرام خان ترکئی

بدھ 26 فروری 2014 22:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخواکے وزیر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خا ن تراکئی نے نشتر ہال پشاور میں ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈٹیکنالوجی کی سکیم ڈیزائن فسیلیٹیشن اینڈٹریننگ سنٹر کے زیر اہتمام مختلف شعبوں میں تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ اس تربیتی پروگرام کے تحت طلبہ نے ایڈوانس کنسٹرکشن ڈرائنگ،الیکٹریکل ڈرافٹنگ بمعہ آٹو کیڈ ٹو ڈی اینڈ تھری ڈی ،یو پی ایس،اسملینگ،ریپئرنگ کورس پی ایل سی پروگرامنگ،سکاڈہ پروگرامنگ،موبائل ریپئرنگ جیسے دیگر کئی شعبوں میں مہارت حاصل کی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر شہرام خان نے ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سکیم کے تحت ایک ہزار361طلبہ کی مفت ٹریننگ اور انٹر شپ پروگرام بمعہ وظیفہ کا انتظام،تبلیغی مرکزمردان میں 30-KVAمائیکرو ہائیڈرو پاور جنریشن پاور پلانٹ اور چترال کے گاؤں بریزن گرم چشمہ میں 50-KVA کے قائم کئے گئے پاور جنریشن پلانٹ جن کے تحت مقامی آبادی کو بجلی فراہم کی جا رہی ہے قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پوری توجہ معیاری اور فنی تعلیم پر مرکوز ہے تاکہ نوجوان فارغ التحصیل ہونے کے بعد صرف ڈگری حاصل نہ کریں بلکہ وہ ایسے ہنر سے بھی آراستہ ہوں کہ گھر بیٹھ کر دنیا بھر میں اپنے لئے روزگار اور کاروبار کے مواقع حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں تیار ہونیوالی صنعتی مصنوعات کو عالمی مارکیٹوں میں متعارف کرانے کے لئے شوکیسنگ پراجیکٹ بھی شروع کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت آج قومیں ترقی کی عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں اہلیت کی کوئی کمی نہیں اور صوبائی حکومت ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے ایسے منصوبے مرتب کر رہی ہے جن کے ذریعے وہ مستقبل میں ہر طرح کے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کے تحت شروع کئے گئے پروگراموں میں مدد اور معاونت کرے گی بلکہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی اورکاٹیج انڈسٹری کے قیام کے لئے بھی کوشاں ہے۔

امن و امان کا ذکر کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات بارے خیبر پختونخوا حکومت کو بھی اعتماد میں لے تاکہ ملک و قوم کے لئے بہتر پالیسی اپنائی جاسکے۔تقریب سے ایڈیشنل سیکرٹری سائنس اینڈٹیکنالوجی میاں سعد الدین ،ڈائریکٹر جاوید عباس بنگش،باسط مقصود اور انجینئر انعام نے بھی خطاب کیا اور مذکورہ سکیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں تربیت حاصل کرنیوالے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :