وزیراعظم نے ایک ہزار410 میگا واٹ بجلی کے تربیلا فور توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا

بدھ 26 فروری 2014 17:05

ہری پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26فروری 2014ء) وزیراعظم نواز شریف نے پن بجلی سے 1410 میگا واٹ بجلی حاصل کرنے کے تربیلا 4 توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔وزیراعظم نواز شریف کا منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تربیلا 4 اور 5 توسیعی منصوبوں سے سستی بجلی پیدا ہوگی اور ملک میں بجلی کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ منصوبے کو 2016 تک مکمل کرلیا جائے۔وزیراعظم کو تربیلا 4 منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے چیرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 92 کروڑ 80 لاکھ ڈالر لگایا گیا ہے، منصوبے سے 10 لاکھ ٹن فرنس آئل کی بچت ہو گی۔ واضح رہے کہ تربیلا 4 توسیعی منصوبہ دریائے سندھ کے دائیں جانب سرنگ 4پر تعمیر کیا جارہاہے اور عالمی بینک منصوبے کے لیے 84 کروڑ ڈالر فراہم کررہا ہے۔