حکومت نے ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین کے انتخاب کیلئے شفاف طریقہ اختیار کیا ہے ،محمد بلیغ الرحمان، ماہرین کی کمیٹی کی سفارش پر تین امیدواروں کے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے،جلد نئے چیئرمین کی تعیناتی عمل میں آجائیگی،موجودہ چیئرمین کے پاس مکمل اختیارات ہیں ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر کو ہاؤس رینٹ نہیں دیا جارہا ،نہ ہی موجودہ چیئر مین فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجو کیشن کو توسیع دی جائیگی، سینٹ کے وقفہ سوالات کے دوران جواب

منگل 25 فروری 2014 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 فروری ۔2014ء) وزیر تعلیم محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ سابق حکومت میں چےئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن تعیناتی وزیراعظم کرتے رہے مسلم لیگ ن کی حکومت نے چیئرمین کے انتخاب کیلئے شفاف طریقہ اختیار کیا ہے ، ماہرین کی کمیٹی کی سفارش پر تین امیدواروں کے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے وزیرا عظم کی منظوری سے جلد نئے چیئرمین کی تعیناتی عمل میں آجائیگی،موجودہ چیئرمین کے پاس مکمل اختیارات ہیں ۔

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر کو ہاؤس رینٹ نہیں دیا جارہا ،نہ ہی موجودہ چیئر مین فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجو کیشن کو توسیع دی جائیگی نیا چیئرمین لایا جائیگا۔ منگل کو سینٹ کے وقفہ سوالات میں اراکین کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ایوان کو آگاہ کیا کہ چیئرمین ایچ ای سی کے عہدہ کیلئے امیدواروں کا انتخاب کر لیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سابق حکومت میں چیئرمین وزیراعظم کی چوائس پر لگایا جاتا رہا مگر مسلم لیگ ن کی حکومت نے صحیح اور موزوں چیئرمین ایچ ای سی کے انتخاب میں شفافیت کو اپنایا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین کے عہدہ کیلئے حکومتی اشتہار کے جواب میں 104امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوئیں تھیں جن کی شارٹ لسٹنگ کی گئی اور امیدواروں کے انٹرویوز وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، ماہرین عشرت حسین اور ایم ڈی شال پر مشتمل کمیٹی نے کئے اور تین امیدواروں کو زیر غور لانے کی شفارش پر مشتمل سمری وزیراعظم کو بھجوا دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ چیئرمین ایچ ای سی پورے اختیارات رکھتا ہے اگر کسی کام میں رکاوٹ دیکھی گئی ہو تو اس کی کوئی اور وجہ ہو سکتی ہے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے موجودہ صدر سعودی شہری ہیں اور تقریبا سوا تین لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لیتے ہیں ۔یونیورسٹی قواعد صدر یونیورسٹی کو ہاؤس رینٹ دینے کی اجازت نہیں دیتے اور نہ ہی انہیں ہاؤس رینٹ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ صدر نے یونیورسٹی کیلئے دولاکھ ڈالر کے مالی عطیات اکٹھے کئے ہیں۔ وزیرتعلیم نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ و سکینڈری کے عہدہ کیلئے نیا چناؤ ہو گا ۔ موجودہ چیئرمین پہلے ہی اپنی پانچ سالہ مدت پوری کر چکے ہیں اور دو بار انہیں توسیع دی جاچکی ہے لہذا انہیں اب مزید توسیع نہیں دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :