ایشیا کپ کے پہلے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 12 رنز سے ہرا دیا

منگل 25 فروری 2014 21:15

ایشیا کپ کے پہلے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 12 رنز سے ہرا دیا

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25فروری۔2014ء) ایشیا کپ کے پہلے میچ میں سری لنکا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 12 رنز سے ہرا دیا۔بنگلہ دیش کے شہر فتح اللہ کے خان صاحب عثمان علی خان اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 296 بنائے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 284 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بیٹنگ کے دوران سری لنکا کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری جب کوسال پریرا 14 رنز بنا کر عمر گل کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد لاہیرو تھری مانے اور کمارا سنگا شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 189 رنز پر لے گئے۔ دونوں کے درمیان 161 رنز کی شراکت قائم ہوئی، کمارا سنگا کارا بھی 67 رنز بنا کر عمر گل کا شکار بنے جب کہ لاہیرو تھری مانے نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 102 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے عمر گل اور شاہد آفریدی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا جب کہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے بلے بازی کے آغاز میں کوئی کھلاڑی خاص کارکردگی نہ دکھا سکا اور قومی ٹیم کے اوپنر شرجیل خان 26 رنز بنا کر میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ احمد شہزاد 28 رنز بنا کر چتورنگا ڈی سلوا کی بال پر کلین بولڈ ہوئے۔

پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 جب کہ عمر اکمل 74 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ محمد حفیظ اور بلاول بھٹی نے 18، 18 شعیب مقصور 17 اور سعید اجمل نے 10 رنز بنائے۔ سری لنکا کے لیستھ ملنگا نے طوفانی بالنگ کرتے ہوئے پاکستان کے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور سرنگا لکمل نے 2 جب کہ سچتھرہ، چتورنگا ڈی سلوا اور ایجلیو میتھیوز نے ایک ایک شاہین کو اپنا شکار بنایا

متعلقہ عنوان :