چوہدری نثار علی کی جانب سے طالبان کو کرکٹ میچ کی دعوت دینے پر قومی اسمبلی میں تحریک التوا ء جمع

منگل 25 فروری 2014 20:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی جانب سے طالبان کو کرکٹ میچ کی دعوت دینے پر قومی اسمبلی میں ان کے خلاف تحریک التوا ء جمع کرادی گئی ہے۔وزیر داخلہ کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے عمران لغاری، شازیہ مری، اعجاز جاکھرانی اور عبدالستار بچانی کی جانب سے تحریک التوا جمع کرائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تحریک میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر نے طالبان کو کرکٹ میچ کی دعوت دینے کا بیان انتہائی نازک موقع پر دیا ہے، ان کے اس بیان سے عوام اور ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی سکیورٹی فورسز کی تضحیک ہوئی ہے۔واضح رہے کہ سوموار کے روز وفاقی وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ سنا ہے کہ طالبان کرکٹ کا شوق رکھتے ہیں، اگر طالبان سے ایک میچ ہوجائے تو اچھا نتیجہ ہی نکلے گا جبکہ تحریک طالبان پاکستان نے چوہدری نثار کی پیشکش مسترد کردی تھی۔