وزیراعلیٰ پنجاب سے غیر ملکی سرمایہ کاروں اورتاجروں کے وفد کی ملاقات، توانائی اورکان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی،پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے ساز گار ماحول پیدا کیا گیا ہے ،بیرونی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں دے رہے ہیں،پنجاب میں کوئلے اورخام لوہے کے وسیع ذخائر موجود ہے،توانائی اورکان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے‘ شہبازشریف

منگل 25 فروری 2014 20:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وزیراعظم کے خصوصی سفیر برائے بیرونی سرمایہ کاری جاوید ملک کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اورتاجروں کے نمائندہ وفدنے ملاقات کی اورتوانائی ،کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔غیر ملکی سرمایہ کاروں اورتاجروں کے وفد میں کولٹ انویسٹمنٹ ریسورسزکے چیئرمین رچرڈ کوئیسنل، کال ویلے پٹرولیم کے ڈائریکٹر نکولس پیرالٹ، رائل پارٹنرزکے سعیدالظہیری،آر ایچ بی اسلامک بینک کے یازت یوسف، بینکو ایسپریٹو کے منیجنگ ڈائریکٹر پیڈراکوسٹا شامل تھے۔

جبکہ اس موقع پر صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن،شیر علی خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، متعلقہ سیکرٹریزاور ڈی جی ایل ڈی اے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر خصوصی سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔پنجاب حکومت کوئلے سے بجلی کے حصول کے لیے ایک بڑے منصوبے پر کام کررہی ہے۔

پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کے لیے6 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے ۔پنجاب حکومت اپنے وسائل سے ساہیوال میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے 2منصوبے لگارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئلے اور خام لوہے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔بیرونی سرمایہ کاروں کی جانب سے توانائی اورکان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاروں کے لیے ساز گار ماحول پیدا کیا گیاہے اورسرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاری کے حوالے سے تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔وزیراعظم کے خصوصی سفیر برائے بیرونی سرمایہ کاری جاوید ملک نے کہا کہ جاوید ملک نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے کے عوام کے لیے حقیقی معنوں میں عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :