کراچی ،گلشن ناز کی پارکنگ پلازہ میں آتشزدگی ،12گاڑیاں جل کر راکھ ہوگئیں

منگل 25 فروری 2014 16:25

کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء ) ایئر پورٹ کے قریب واقع گلشن ناز کی پارکنگ میں پر اسرار طور پرآگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 12گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں ، آتشزدگی دہشت گردی کا نتیجہ ہو سکتی ہے جبکہ صبح سویرے لیاقت آباد کی تین منزلہ عمارت میں سلنڈر کے خوفناک دھماکے میں میاں بیوی سمیت گھر کے چھ افراد جھلس گئے جن میں بچے بھی شامل ہیں ۔

واقعات کے مطابق ایئر پورٹ کے قریب واقع گلشن ناز پلازہ کی پارکنگ میں کھڑی حساس ادارے کی افسر کی گاڑی میں پر اسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دوسری گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا آگ لگنے کے نتیجے میں 12گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں جن میں 5کاریں اور 7موٹر سائیکلیں شامل ہیں آگ لگنے پر عمارت میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھبرا کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے ۔

(جاری ہے)

علاقہ مکینوں کے مطابق آگ جان بوجھ کر لگائی گئی ہے اور یہ دہشت گردوں کا واقعہ ہو سکتا ہے۔ کیونکہ آگ حساس ادارے کے افسر کی کار میں لگی تھی تاہم پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ اور بلڈنگ کے چوکیدار سمیت دیگر افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔ فائر بریگیڈ کی 4گاڑیوں نے 2گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جلنے والی گاڑیوں میں لینڈ کروز جیپ،ہنڈاسٹی، کلٹس،کورے گاڑیاں شامل ہیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ حساس ادارے کے افسر کی اہلیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر کی گاڑی کو کسی نے آ گ لگائی ہے۔ دوسری جانب منگل کی صبح ہی لیاقت آباد نمبر 9میں واقع ایک 3منزلہ عمارت میں پہلی منزل پر اچانک سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 45سالہ خاتون نفیسہ زوجہ اسلام ، بیٹیاں 14سالہ شمائلہ، علشبا، ارسلان سمیت 6افراد جھلس گئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا، پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور تینوں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم فائر بریگیڈ کی 2گاڑہوں نے فوری آگ پر قابو پا لیا جس کے باعث 3خاندان زندھ جلنے سے بچ گئے ، پولیس نے بتایا کہ چاروں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

اور ڈاکٹروں کی جانب سے جان بچانے کی کوشش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :