وزارت اطلاعات کے حکام کی عدم شرکت اورناکافی معلومات فراہم کرنے پر سینٹ کمیٹی برہم،احتجاجاًاجلاس ملتویٰ کردیا

منگل 25 فروری 2014 16:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ نے وزارت کے ماتحت اداروں سے متعلق مکمل معلومات فراہم نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے اجلاس احتجاجاًملتویٰ کردیا،منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کا اجلاس یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں کمیٹی ارکان سینیٹر فرحت اللہ بابر اور فرح عاقل کے علاوہ سرکاری ٹی وی اور وزارت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کے حکام نے شرکت کی، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اجلاس پانچ ماہ بعد منعقد ہوااس کے باوجود صرف پی ٹی وی کے معاملات کو ایجنڈے میں شامل کیا گیا، سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ اجلاس میں نہیں آئے اور کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ نہیں دی گئی ،اس موقع پرفرحت اللہ بابر نے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے اہم امور پر یہ اجلاس طلب کیا تھا مگر اس ادارے نے پارلیمنٹ ، وزیراعظم اور عدالت کے احکامات کو نظر انداز کیا ،قائمہ کمیٹی نے سابقہ اجلاس میں جو سفارشات دی تھیں اُن پر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا،انہوں نے کہاکہ وزارت اطلاعات ونشریات مسائل کی آماجگاہ بن چکی ہے ،معاملات کی بہتری کے لئے ضروری ہے قانون کے مطابق ادارے کے معاملات چلائے جائیں ۔