17 واں فیبا باسکٹ بال ورلڈ کپ 30 اگست سے سپین میں شروع ہوگا

منگل 25 فروری 2014 16:21

میڈرڈ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء)فیڈریشن آف انٹرنیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن (فیبا) کے زیر اہتمام 17 واں فیبا باسکٹ بال ورلڈ کپ 30 اگست سے سپین میں شروع ہوگاجس کا فائنل 14 ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ فیبا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں چار مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ۔

گروپ اے میں برازیل، مصر سپین، سربیا،فرانس اور ایران شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں فلپائن، سینیگال، یونان ،پورٹو ریکواور کروشیا، گروپ سی میں امریکہ، ترکی، ڈومینیکن ریپبلک، فن لینڈ، نیوزی لینڈ اور یوکرین جبکہ گروپ ڈی میں لیتھوانیا، انگولا، کوریا، سلوانیا، میکسیکو اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ ایونٹ کے ابتدائی روز 12 میچز کھیلے جائینگے۔

(جاری ہے)

گروپ اے میں ایران اور سپین، مصر اور سربیا، فرانس اور برازیل، گروپ بی میں کروشیا اور فلپائن، یونان اور سینیگال، پورٹو ریکو اور ارجنٹائن، گروپ سی میں یوکرین اور ڈومینیکن ریپبلک، نیوزی لینڈ اور ترکی، امریکہ اور فن لینڈ جبکہ گروپ ڈی میں آسٹریلیا اور سلوانیا، میکسیکو اور لیتھوانیا جبکہ کوریا اور اینگولا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی ۔ میگا ایونٹ کے پری کوارٹر فائنلز 6 اور 7 ستمبر کو کھیلے جائینگے۔ کوارٹر فائنلز 9 اور 10، سیمی فائنلز 11 اور 12 ستمبر کو کھیلے جائینگے جبکہ عالمی چمپئن کا فیصلہ 14 ستمبر کو فائنل میں ہو گا۔