پرائم منسٹر انی شیٹو پیکیج کے تحت نئے ٹیکس گزاروں ،کسی وجہ سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروا سکنے والوں کو آڈٹ اور جرمانے میں چھوٹ دی جائیگی ، مصطفی اشرف

منگل 25 فروری 2014 16:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء) پرائم منسٹر انی شیٹوپیکیج کے تحت ٹیکس گزاروں اور این ٹی این کے حامل ایسے افراد جو کسی وجہ سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروا سکے ہوں کو آڈٹ اور جرمانے سے چھوٹ دی جائیگی۔ یہ بات چیف کمشنر لارج ٹیکس پیئر یونٹ مصطفی اشرف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر لارج ٹیکس پیئر یونٹ مصطفی اشرف نے کہا کہ پرائم منسٹر ٹیکس انی شیٹو سکیم این ٹی این نہ رکھنے والوں یا پھر این ٹی این رکھنے کے باوجود کسی وجہ سے ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرواپانے والوں کیلئے سنہری موقع ہے جس سے انہیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان لوگوں سے سرمایہ کاری کے ذریعے کے متعلق کوئی سوال نہیں کیا جائیگا اور نہ ہی آڈٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو بینکوں سے صرف اُن ہی تاجروں کیلئے رجوع کریگا جو بھاری بینک اکاؤنٹ ہونے کے باوجود اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھائینگے۔ یہ سکیم نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گی بلکہ بے روزگاری کا خاتمہ بھی ہوگا۔