ہارون آباد‘مار نہیں پیار ،تعلیمی اداروں میں الٹی گنگا بہائی جانے لگی ،ٹیچر جلاد بن گیا

منگل 25 فروری 2014 13:18

ہارون آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء)مار نہیں پیار ،تعلیمی اداروں میں الٹی گنگا بہائی جانے لگی ،ٹیچر جلاد بن گیا،ننھے طالبعلموں پر ڈنڈوں کی برسات ، چلنے پھرنے سے قاصر ، سکول جانے سے انکار کردیا ، والدین نے وزیر اعلی پنجاب کا دروازہ کھٹکھٹا دیا،پریس کلب پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول چک 13ون آر میں نرسری کلاس کے چار سالہ ننھے معصوم طالبعلم دائم اور اسی سکول کے سات سالہ چہارم کلاس کے دانش کو ٹیچر محمد سعید نے معمولی بات پر ڈنڈے سے اتنا مارا کہ وہ بیہوش ہو گئے ۔

چھٹی کے وقت ساتھی طالبعلموں کی مدد ے گھر پہنچے تو والدین کو علم ہوا کہ بچوں پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے ۔ننھے پھولوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ابتدائی طبی امداد کے لئے لایا گیا جہاں انکا میڈیکل کروایا گیا ہے تو واضح ہوا کہ بچوں پر انتہاء درجہ کا تشدد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بچوں کے والد ین نے پولیس تھانہ صدر میں رپورٹ درج کروا دی اور پریس کلب میں میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ ہمارے بچے تو پہلے ہی سکول میں ڈنڈے سے ڈرتے ہوئے نہیں جاتے تھے ۔

مگر سکول ٹیچر سعید جنکے متعلق مشہور ہے کہ وہ ٹیچرکم جلاد زیادہ ہیں ،نے عملی طور پر ثابت کر دیا کہ واقعی تعلیمی اداروں میں پیار نہیں مار سے پڑھایا جا رہا ہے ۔والدین نے اپیل کی کہ وزیر اعلی پنجاب فوری طور پر واقع کا نوٹس لیں اور ہمارے پھولوں کو انصاف فراہم کریں ۔