کراچی‘ فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق

منگل 25 فروری 2014 13:16

کراچی‘ فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء) شہرقائد میں ٹارگیٹڈآپریشن کے باوجودقتل وغارت پر قابونہیں پایا جاسکا ہے ،منگل کو فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت مزیدچار افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے ہیں۔دوسری جانب سیکیورٹی اداروں نے اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ میں سرچ آپریشن کے متعدد ملزمان کو گرفتارکرلیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے ایک شخص کی بوری بندلاش برآمدہوئی ہے،پولیس کے مطابق مقتول کو گلا دبا کر مارنے کے بعد بوری میں ڈالا گیا ہے۔

گلبہار کے علاقے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔فیڈرل بی ایریا، دستیگر میں پلاٹ سے نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق لاش کی شناخت 30 سالہ ساجد کے نام سے ہوئی ہے۔ لانڈھی نمبر ایک میں گھر سے خاتون کی لاش ملی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ خود کشی لگتا ہے۔ملیر ندی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، ایف سی ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا پولیس کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کی زد میں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ پولیس نے ان واقعات کی تفتیش شروع کردی ہے۔

کریم آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔دوسری جانب پولیس اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کر کے انتہائی مطلوب افراد سمیت متعدد مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ رینجرز نے اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کر کے متعدد مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا، سرچ آپریشن میں رینجرز کے کے9 یونٹ اور خواتین سرچر سمیت 1000 اہلکاروں نے حصہ لیا اور آپریشن کے دوران ایم پی آر کالونی کے داخلی اور خارجی راستے بند کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی۔

دوسری جانب پولیس نے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ہے، ملزمان پولیس کو سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔

متعلقہ عنوان :