کراچی، فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 10افراد ہلاک ہوگئے، دستی بم حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں متعدد افراد زخمی، رینجرز نے مری گوٹھ میں کارروائی کرکے بارود سے بھری موٹر سائیکل برآمد کرلی، 11 ملزمان گرفتار، تعلق تحریک طالبان سے ہے

پیر 24 فروری 2014 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) شہر میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 10افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دستی بم حملوں اور فائرنگ کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ رینجرز نے مری گوٹھ میں کارروائی کرکے بارود سے بھری موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لیاری ٹاؤن کے علاقے کھڈہ مارکیٹ میں فٹنس کلب پر نامعلوم مسلح افراد نے دستی بم حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بلدیہ ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔ پاک کالونی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا جو بعد ازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

سولجر بازار میں واقع اسپتال کے گیٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

جاں بحق افراد کی لاش اور زخمی کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن سیکٹر ساڑھے 11 ایل بلاک طوبی مسجد کے قریب مسلح افراد نے گھر سے نکلنے والے 22 سالہ سید سرور عباس نقوی ولد منظر عباس نقوی کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی حیدرعباس نقوی کو گزشتہ برس دہشت گردوں نے گولیاں مارکرقتل کیا تھا۔

مقتول کی یہ پہلی برسی تھی۔ مقتول متحدہ 124کا ہمدرد بتایا جاتا ہے۔ اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاوٴن سیکٹر ساڑھے گیارہ چشتی نگر کیفے تسکین کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 26سالہ شاہد ولد امیرالدین کو قتل کردیا۔ مقتول سنی تحریک کارکن تھا۔ عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک 13-Aبولان سجی کے قریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب البدر میڈیکل اسٹور پر کار سوار ملزم نے فائرنگ کرکے میڈیکل اسٹور کے مالک 28سالہ ساجد اور سیل مین شمس الزمان ولد شیرزمان کو زخمی کردیا۔

شمس الزمان دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کے مطابق ملزم کار میں آیا اور میڈیکل اسٹور کے مالک سے رقم طلب کی، رقم نہ دینے پر ملزم نے فائرنگ کردی، مقتول شمس الزمان گلشن اقبال کا رہائشی اس کا آبائی تعلق آزاد کشمیر وادی نیلم سے بتایا جاتا ہے۔ اورنگی ٹاوٴن کے علاقے بکری پیڑی کے قریب فائرنگ سے گزشتہ روز زخمی ہونے والا40 سالہ بسم اللہ خان ولد محمد حسین دوران علاج جناح اسپتال میں دم توڑ گیا۔

مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد کوئٹہ روانہ کردیا گیا۔ ملیر سٹی تھانے کی حدود اتوار اور پیر کی درمیانی شب مسلح افراد کی فائرنگ سے ہوٹل پر بیٹھا 40سالہ نصیر بلوچ دوران علاج اسپتال میں دم توڑگیا۔ مقتول اسی علاقے کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ پاک کالونی تھانے کی حدود ریکسر پل کے نیچے ندی کے قریب 2 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، پولیس کے مطابق دونوں افراد کو تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔

دونوں افراد حلیے سے بلوچ معلوم ہوتے ہیں تاہم مقتولین کی تاحال شناخت نہ ہوسکی۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے منتقل کردیا گیا۔ سائٹ اے تھانے کی حدود میٹروویل آغاخان فلیٹ کے قریب چھیپا ایمبولینس 39 کا ڈرائیور 25سالہ نذیرخان ضیاء کالونی میں گن شارٹ زخمی کی کال پر جاتے ہوئے راستے میں مخالف سمت سے آنے والی مزدا سے ٹکراگیا جس سے اسے شدید چوٹیں آئیں۔ زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔دریں اثناء مری گوٹھ، رینجرز نے مری گوٹھ سے بارود سے بھری موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے خفیہ اطلاع پر مری گوٹھ میں کارووائی کرکے 11 ملزمان کو گرفتار کرکے بارود سے بھری گاڑی برآمدکرلی۔ ملزمان کا تعلق تحریک طالبان سے ہے۔