حکومت نے آرٹسٹوں کو ریلیف اور مدد فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، پرویز رشید ، آرٹ اور کلچر کا فروغ تشدد اور انتہاپسندی کے خاتمہ کا موثر ذریعہ ہے،کلچر اینڈ آرٹ فاؤنڈیشن ریلیف فنڈ کی فراہمی میں شفاف عمل کو یقینی بنایا جائے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کاتقریب سے خطاب

پیر 24 فروری 2014 22:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے آرٹسٹوں کو ریلیف اور مدد فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے کیونکہ آرٹ اور کلچر کا فروغ تشدد اور انتہاپسندی کے خاتمہ کا موثر ذریعہ ہے۔ پیر کو یہاں پاکستان کلچر اینڈ آرٹ فاؤنڈیشن ریلیف فنڈ کی انتظامی کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرٹ اور ثقافت ہر تہذیب کا طرہ امتیار رہا ہے اور ملک میں آرٹسٹوں کے فروغ کی ضرورت ہے تاکہ آرٹ اور کلچر کو زندہ رکھا جاسکے۔

انہوں نے فنڈز کی فراہمی میں شفاف عمل کو یقینی بنانے پر زور دیا اور متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ بلاتاخیر اس پر موثر علمدرآمد کیلئے صوبوں کی مشاورت سے ایک میکنزم تیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آرٹسٹوں کیلئے رقوم کی ادائیگیوں میں اضافہ کی ہدایت کی اور کہا کہ چھوٹے صوبوں اور کم ترقیاتی یافتہ علاقوں کے آرٹسٹوں کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کیلئے پور عمل کو موثر اور کمپیوٹرائزڈ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نوجوانوں کی نسبت بڑی عمر کے آرٹسٹوں کو ترجیح دی جائے کیونکہ وہ دیگر ذرائع سے آمدنی نہیں کما سکتے جو ساری عمر آرٹ سے وابستہ رہتے ہیں۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور خان، سیکرٹری اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ نذیر سعید نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :