صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں،عنایت اللہ

پیر 24 فروری 2014 22:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لئے نیک نیتی سے کام کر رہی ہے رویوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے سنجیدہ ہے اور خیبر پختونخواکا بلدیاتی نظام پورے ملک کیلئے رول ماڈل ہوگاجس میں حقیقی معنوں میں عوام کو اختیارات حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ویلج کونسل کو بااختیار بنایا جائے گا اور گاؤں کی سطح پر وسائل پیداکر کے گاؤں ہی میں عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہاکہ نچلی سطح پر عوام کو بنیادی ضروریات زندگی جیسے پینے کا صاف پانی،صاف ماحول اور صحت و تعلیم کی سہولیات میسر ہوں گی۔عنایت اللہ خان نے کہا کہ پشاور میں تعمیر و ترقی کیلئے وسیع پیمانے پر تعمیری کام ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے کاموں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور پشاور کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہم سب کو مل کراپنا کردار اداکرنا ہوگا۔