سندھ اسمبلی میں ” سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن بل 2013ء “ کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی گئی ، یہ کمیشن سرکاری اور نجی شعبے میں ہیلتھ کیئر سے متعلق تمام امور کی نگرانی اور ہیلتھ کیئر سروسز کے لیے نئے لائسنسز کا اجراء کرے گا

پیر 24 فروری 2014 20:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) سندھ میں ایک اعلیٰ اختیاراتی ہیلتھ کیئر کمیشن کے قیام کے لیے پیرکو سندھ اسمبلی میں ” سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن بل 2013ء “ کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی ہے ۔ یہ کمیشن سرکاری اور نجی شعبے میں ہیلتھ کیئر سے متعلق تمام امور کی نگرانی کرے گا ۔ ہیلتھ کیئر سروسز کے لیے نئے لائسنسز کا اجراء کرے گا اور اسے لائسنسز منسوخ کرنے کا بھی اختیار حاصل ہو گا ۔

حکومت کی طرف سے فراہم کردہ ہیلتھ سروس کیئر کی نگرانی کرے اور ان پر عمل درآمد کرے گا ۔ کمیشن کو اس کے علاوہ بھی وسیع اختیارات حاصل ہوں گے ۔ یہ کمیشن 9 کمشنرز پر مشتمل ہو گا ۔ ان میں سے 7 کمشنرز کی تقرری کی سفارش ایک 9 رکنی کمیٹی کرے گی ، جس کے سربراہ صوبائی وزیر صحت ہوں گے جبکہ دیگر دو ارکان کا تقرر حکومت کرے گی ۔

(جاری ہے)

ان میں سے ایک سندھ ہائیکورٹ کا سابق جج ہو گا اور ایک مالیاتی امور کا ماہر ہو گا ۔

ان 9 کمشنرز میں سے رائے شماری کے ذریعہ کمیشن کاچیئرمین منتخب کیا جائے گا ۔ لاء کمشنرز پر مشتمل بورڈ ایک ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دے گا ، جو 15 ارکان پر مشتمل ہو گی ۔ یہ ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی مزید سب کمیٹیاں بنائے گی اور کمیشن کی طرف سے فرائض سونپے جائیں گے ، وہ سب کمیٹیوں کو منتقل کردیئے جائیں گے ۔ کمیشن ہیلتھ کیئر یونٹس کے معائنہ کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دے سکے گا ۔

متعلقہ عنوان :