انگلینڈ کو شکست دے کر پاکستان انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

پیر 24 فروری 2014 20:10

انگلینڈ کو شکست دے کر پاکستان انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24فروری۔2014ء) انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر پاکستان نے فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا۔دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو 205 رنز کا ہدف دیا تاہم اس کے جواب میں پاکستان نے7 وکٹوں کے نقصان پر 50 ویں اوور میں ہدف مکمل کرلیا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے بلے باز آغاز میں پاکستانی بالرز کے سامنے کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور ٹاپ آڈر کے 2 بلے باز بغیر کوئی رنز بنائے ہی پویلین لوٹ گئے تاہم ریان ہگنز نے 52 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو سہارا دیا جب کہ کپتان ول رہوڈز 76 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بالنگ کے دوران پاکستان کی جانب سے ضیاالحق، احمد بٹ اور کرامت علی نے انگلینڈ کے 2، 2 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا جب کہ کامران غلام نے ایک بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی۔واضح رہے کہ ہفتے کے روز پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو شکست دے کر سیمی کے لئے کوالیفائی کیا تھا جب کہ ایک دوسرے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :