پولو گراؤنڈ ریفرنس میں آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پیر 24 فروری 2014 12:40

پولو گراؤنڈ ریفرنس میں آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24فروری 2014ء) احتساب عدالت نے پولو گراؤنڈ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔راولپنڈی کی احتساب عدالت میں پولو گراؤنڈ ریفرنس میں بریت کے لئے سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائک نے اپنے دلائل میں کہا کہ پولو گراونڈ ریفرنس کی ابتدائی تفتیش نیب کے بجائے ایف آئی اے نے کی جو غیر قانونی ہے کیونکہ نیب آرڈیننس کے مطابق اس قسم کے مقدمات کی تفتیش صرف نیب کر سکتی ہے، اس کے علاوہ تفتیشی افسر نے خود اقرار کیا ہے کہ اسے تفتیش سونپے جانے کا کوئی تحریری حکم موجود نہیں۔

ان کے موکل پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیراعظم ہاوس میں پولو گراؤنڈ کی تعمیر کے زبانی احکامات دیئے، ریفرنس کے مرکزی ملزم شفیع سہوانی خالق حقیقی سے جاملے ہیں جبکہ دوسرے ملزم سعید مہدی کو بری کر دیا گیاہے۔

(جاری ہے)

جب مرکزی ملزم ہی بری ہو چکا تو ایسی صورت میں شریک ملزم کے خلاف ریفرنس چلانے کی گنجائش نہیں۔ فاروق ایچ نائک کی جانب سے دلائل مکمل کئے جانے کے بعد نیب کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آصف زرداری کے خلاف چارج شیٹ تیار ہے، عدالت فرد جرم عائد کر کے ملزم کو صفائی اور گواہوں کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع دے، بعد ازاں عدالت نے کیس پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :