پشاور،صوبائی حکومت عام آدمی کے مسائل و مشکلات حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہیں،محمودخان

اتوار 23 فروری 2014 20:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخواکے وزیر برائے سیاحت، کھیل، میوزیم ، آثار قدیمہ اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عام آدمی کے مسائل و مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اوران کے حل کیلئے پوری نیک نیتی سے مصروف عمل ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پشاور میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانان پاکستان تحریک انصاف کی اصل طاقت اور سرمایہ ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہم نوجوانوں کی معاونت سے ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے اور انہیں ایک روشن مستقبل دینے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبودکیلئے کام کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ ہم شفافیت اور انصاف پر مبنی نظام قائم کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں اور بلدیاتی انتخابات کے بعد اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سے عوامی مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ احتساب کے عمل کو یقینی بناکر خیبر پختونخوا کو ملک میں ایک مثالی صوبہ بنائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات کی وجہ سے سرمایہ کاروں اور ڈونرز کا اعتماد بھی بڑھ گیا ہے ، سرمایہ کاروں کو تحفظ اور تمام سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائیگا۔

انہوں نے صوبائی انتظامیہ پر واضح کر دیا ہے کہ سرکاری امورکے نمٹانے میں رشوت، غفلت اور کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کام میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔وفد نے ان کے مسائل غور سے سننے اور ان کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :