وزیراعلی خیبرپختونخوا کی کوہاٹ بم دھماکے کی شدیدمذمت، شہید افراد کے ورثاء کیلئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے دو دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان

اتوار 23 فروری 2014 19:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب مسافر گاڑی میں بم دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی وزیراعلیٰ نے دھماکوں میں شہید افراد کے ورثاء کیلئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے دو دو لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے اور مقامی انتظامیہ کو اسکی جلد ادائیگی کے احکامات جاری کئے انہوں نے دہشت گردی کے اس واقعے کو ملک دشمن قوتوں کی بے رحمانہ کاروائی قرار دیتے کہا کہ حالیہ اقدام طالبان کے خلاف سیکورٹی فورسز کے ایکشن کا ردعمل ہو سکتا ہے اگرچہ اسطرح کے اندوہناک واقعات کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت عوام کی حفاظت یقینی بنانے اور سیکورٹی حصار مضبوط بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے مگر وفاق کا بھی فرض ہے کہ موجودہ نازک صورتحال میں جبکہ فاٹا میں کاروائی ہو رہی ہے خیبر پختونخوا کو اکیلا نہ چھوڑے اور ہماری مشکلات کا بھی پورا احساس کرے دہشت گردی کے خلاف ہماری مالی و انتظامی مشکلات اور نفری کی کمی سمیت تمام مسائل سے وفاق بخوبی اگاہ ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہاں کے عوام نے گزشتہ کئی عشروں سے دہشت گردی میں جان و مال کی لازوال قربانیاں دی ہیں انہیں صورتحال کی سنگینی کا بھی علم ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ وفاق کی طرف سے ہماری قربانیوں کی قدر کی جائے اور ہمیں مزید آزمائشوں میں نہ ڈالا جائے بلکہ یہاں امن اور سیکورٹی کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کئے جائیں قبل ازیں وزیراعلیٰ نے دھماکے کی اطلاع ملنے پر آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے فوری اقدامات کرنے، کوہاٹ کی مقامی انتظامیہ کو ریسکیو کاروائی میں حصہ لینے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگانے، دھماکے کی فوری تحقیقات ، ملوث عناصر تک پہنچنے اور ایسے اندوہناک واقعات کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :