ڈینگی کے انسداد کیلئے سرکاری محکمے مارچ کے مہینے میں باقاعدہ شیڈول بنا کر اپنی تیاری مکمل کریں ،راجہ اشفاق سرور ،مارچ اور اپریل میں سخت مانیٹرنگ اور مچھروں کے انڈوں اور لاروا کی تلفی کر لی گئی تو اگست ستمبر کے مہینوں میں ڈینگی پر کنٹرول کیا جا سکے گا، وزیر محنت وافرادی قوت پنجاب

اتوار 23 فروری 2014 19:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ ڈینگی کے انسداد کیلئے سرکاری محکمے مارچ کے مہینے میں باقاعدہ شیڈول بنا کر اپنی تیاری مکمل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مارچ اور اپریل میں سخت مانیٹرنگ اور مچھروں کے انڈوں اور لاروا کی تلفی کر لی گئی تو اگست ستمبر کے مہینوں میں ڈینگی پر کنٹرول کیا جا سکے گا ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، محکمہ ماحولیات ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق محکمہ جات ، ٹی ایم ایز ، کنٹونمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ ادارے اپنا شیڈول مرتب کر یں اور انسداد ڈینگی اور اس موذی مرض کے بارے میں آگاہی کے حوالے سے سرگرمیوں کیلئے تاریخ وار پروگرام ترتیب دیں ۔انہوں نے یہ ہدایات کمشنر آفس راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے سرکاری محکموں اور عوامی نمائندوں کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

(جاری ہے)

ارکان قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ٹکٹ ہولڈرز ملک ابرار ایم این اے،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، محمد حنیف عباسی، ملک شکیل اعوان،سردار نسیم ، راجہ حنیف ایڈووکیٹ ، ضیاء اللہ شاہ، ڈاکٹر جمال ناصر، فاروق خٹک ، مرزا منصور بیگ ، خواتین ارکان اسمبلی کے علاوہ کمشنر راولپنڈی زاہد سعید ، ڈی سی او ساجد ظفر ڈال، ڈویثرنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے سمیت اسسٹنٹ کمشنروں اور سرکاری محکموں کے ضلعی و ڈویثرنل افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور سرکاری محکموں کے افسران اور ملازمین نے جس طرح گذشتہ سال ڈینگی کی روک تھام کے لئے جنگی #بنیادوں پر کام کیا تھا ان کے پیش نظر انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا شیڈول ہونا چاہئے اور ان کے پاس اس سال اپنا ہوم ورک مکمل کرنے کے لئے مناسب وقت موجود ہے۔کمشنر راولپنڈی زاہد سعید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کے افسران اپنے دستیاب وسائل اور سٹاف کا جائزہ لینے کے بعد ڈینگی پر کنٹرول کے حوالے سے سرگرمیوں کے لئے اپنے پروگرام مرتب کر کے ہر سطح پر فرائض افسران کو تفویض کریں ۔

انہوں نے کہا کہ مربوط ورکنگ کے ذریعے ڈینگی پر کنٹرول کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ 2012اور 2013کے تجربات ہمارے سامنے ہیں اور رواں سال میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے محکموں کو زیادہ بہتر اور مربو ط اقدامات اٹھانے چاہئیں ۔ملک ابرار ایم این اے نے کہا کہ عوامی نمائندے سرکاری افسران کے ہمراہ انسداد ڈینگی کے لئے گذشتہ سال کی طرح شانہ بشانہ کام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین ارکان اسمبلی نے گذشتہ سال انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں بھر پور کام کیا ۔ محمد حنیف عباسی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر سرکاری محکموں کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں پارٹی کے مقامی عہدیدار اور کارکن بھی حصہ لیں گے اور ہر یونین کونسل سے انسداد ڈینگی کے لئے کئے جانے والے کاموں مثلا سپرے ، فوگنگ ، صفائی اور سالڈ ویسٹ اٹھوانے کے کاموں کے بارے میں متعلقہ یونین کونسل کے پارٹی عہدیدار اور کارکنوں سے متعلقہ محکمے تحریری سرٹیفیکیٹ لیں گے ۔

ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹرظفر گوندل، ای ڈی او زراعت ڈاکٹر شاہد سجاد ، ای ڈی او سکول ایجوکیشن قاضی ظہور الحق اور دیگر محکموں کے نمائندہ افسران نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اپنے محکموں کی کارکردگی اور آئندہ کے لئے تیار کئے گئے پروگراموں کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :