صوبے کے عوام کو جدید ، بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں‘ شہبازشریف، صوبے کے غریب ترین عوام کو بہترین طبی سہولیات کی مفت فراہمی کے لئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا جلد اجراء کیا جا رہاہے،گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی پرخطیر رقم خرچ کی گئی،مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے‘وزیراعلیٰ کی ہدایت

اتوار 23 فروری 2014 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ عوام کو جدید، بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہماری سرفہرست ترجیحات میں شامل ہے-شعبہ صحت کی ترقی ،صحت کے ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی پر رواں سال 17ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں- صوبے کے غریب ترین عوام کو بہترین طبی سہولیات کی مفت فراہمی کے لئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا جلد اجراء کیا جا رہاہے- حافظ آباد ، چکوال، راجن پور اور لیہ کے ا ضلا ع سے شروع ہونے والی اس سکیم کا دائرہ کار مرحلہ وارپروگرام کے تحت پورے صوبے تک پھیلایا جائے گا-گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے گئے- ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا-ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا-اجلاس میں صحت عامہ کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیاگیا- اراکین اسمبلی اور محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی-وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پنجاب حکومت نے صوبے میں طبی سہولیات کی بہتری پر خطیر وسائل صرف کئے-صوبے بھر میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ نئے ہسپتال قائم کئے گئے جو عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں- نئے ہسپتالوں کے قیام کے ساتھ ساتھ تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے-عوام کو معیاری طبی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے کے لئے ان ہسپتالوں میں ادویات ،ڈاکٹروں او رپیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں- دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے بھی عوام کو علاج معالجہ فراہم کیا جا رہاہے-انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب میں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پرخطیر رقوم فراہم کی جا رہی ہیں-رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت شعبہ صحت کے 138منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے جن میں 26نئے منصوبے بھی شامل ہیں- ادویات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ڈرگ ٹیسٹ لیبارٹریز اور غذائی معیار جانچنے کے لئے فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام کررہے ہیں- انہوں نے کہاکہ صوبے میں میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ پر بھی بھر پور توجہ مرکوز کی گئی ہے، 4نئے میڈیکل کالجز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ان کالجوں کی عمارات کو بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہاہے-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر کیا جائے اور عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے- عوام کو بیماریوں سے محفوظ بنانا اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے اوراس میں غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شعبہ صحت کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے تیز رفتاری سے کام کیا جائے-

متعلقہ عنوان :