Live Updates

پاکستان 19کروڑ لوگوں کا ملک ہے ،مٹھی بھر دہشتگرد وں کو اپنی سوچ مسلط نہیں کرنے دیں گے‘ حمزہ شہباز شریف،قوی امید ہے آئندہ عام انتخابات میں عوام کے پاس جائینگے تو لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند کر چکے ہونگے ،حکومت کے اقدامات کے باعث آئندہ موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہو گی ‘ کارکنوں سے خطاب

اتوار 23 فروری 2014 16:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ مجھے قوی امید ہے کہ جب آئندہ عام انتخابات میں عوام کے پاس جائیں گے تو لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند کر چکے ہونگے ،حکومت کے اقدامات کے باعث آئندہ موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہو گی ،پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے انشا اللہ نواز شریف کی قیادت میں اس جنگ میں سر خرو ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز صوبائی وزیر خزانہ ، ایکسائز و ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمن کی رہائشگاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر لاہور کے صدر پرویز ملک‘ اراکین اسمبلی باؤ اختر‘ چوہدری شہباز‘غزالی بٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن ایک خاندان کی مانند ہیں او رہم انہیں بھول نہیں سکتے ۔

اس طرح کا شیڈول مرتب کر رہا ہوں کہ جتنی مرضی بڑی ذمہ داری ہو لیکن ہفتے میں دو دن کارکنوں سے مل کر انکے مسائل سے آگاہی حاصل کروں او ران سے سے مشاورت بھی لوں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اس طرح ہوتا تھاکہ ترقیاتی منصوبہ مکمل ہونے پر کارکنوں کو آگاہی دی جاتی تھی لیکن اب انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ کارکنوں سے ملیں او رانکی مشاورت سے ترقیاتی سکیمیں شروع کی جائیں۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام نے مسلم لیگ (ن) کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈال دی ہے لیکن انہیں یقین دلاتا ہوں کہ مایوس نہیں کرینگے ۔ پاکستان کو موجودہ حالات میں سب سے پہلے دہشتگردی کا سنگین چیلنج درپیش ہے ۔اس کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف خود ہر دن کمیٹی کو ملتے ہیں اورجائزہ لیتے ہیں ۔ قوم روزروز اپنے بیٹوں کی لاشیں کاندھوں پر اٹھاتی ہے ، یہ پاکستان کی ان ماؤں ، والدین اور ان بچوں کا مسئلہ ہے جنکے پیارے دہشتگردی کے باعث منوں مٹی تلے جا سوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک 19کروڑ لوگوں کا ملک ہے یہ مٹھی بھر دہشتگرد وں کو اپنی سوچ اور منشاء مسلط نہیں کرنے دیں گے ۔ پاکستانی قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحدہے اور شہیدوں کی ماؤں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے او رانشا اللہ نواز شریف کی قیادت میں اس جنگ میں سر خروہوں گے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں امن ہوگا تو ترقی ہو گی اور حکومت اس کے لئے ہر ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہی ہے۔

روز روز مرنے سے بہتر ہے کہ ہم کوئی مضبوط فیصلہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ خوشخبری سناتا ہوں کہ آئندہ موسم سرما میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر رہ جائے گی ۔بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لئے بھی منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے اور مجھے یقین ہے کہ جب آئندہ عام انتخابات میں جب عوام کے پاس جائیں گے تو ان سے کئے ہوئے وعدے پورے کر چکے ہوں گے اور ہمارے امیدواروں کے آنکھوں میں ایک چمک ہو گی ۔

میں ٹائم فریم تو نہیں دیتا لیکن قوی امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام کے پاس جائیں گے تو لوڈ شیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کر چکے ہوں گے۔ ملک پرویز نے کہا کہ دہشتگردی ملک کو کھا رہی ہے لیکن حکومت اب جو اقدامات اٹھا رہی ہے اس سے جلد از جلد اس پر قابو پا لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ملک جمود کا شکار ہے لیکن چھ سے آٹھ ماہ میں پیداوار مزید بڑھے گی اور ایک سے ڈیڑھ سال میں لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک قابو پا لیں گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات