قبائلی عوام محب وطن اورپرامن ہیں،گورنرخیبرپختونخوا، دہشت گردی کے خلاف قبائلیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھاجائیگا،انجینئرشوکت اللہ

ہفتہ 22 فروری 2014 22:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ قبائلی عوام محب وطن اورپرامن ہیں ، دہشت گردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھاجائیگا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ایک21 رکنی نمائندہ وفد سے ہفتہ کے روز گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں ملک محمدیونس، ملک انورزیب خان، ملک محمدیار، ملک حفظ الرحمان، ملک عبدالحکیم، ملک نواز خان، ملک عبدالناصر ،حاجی زیارت گل، وحید خان ، انیس خان، احمدخان، حکیم خان، ڈاکٹرغفارخان، ملک مسافر، ملک غلام رسول اوردیگر شامل تھے۔

وفد نے گورنر کو علاقے میں تعلیم، صحت،بجلی، ترقیاتی منصوبوں اور دہشت گردی کے نتیجے میں پیدا ہونیوالے مسائل کے حوالے سے گورنر کو تفصیل آگاہ کیا اور درخواست کی کہ اُن کے حل کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

گورنرنے وفد کے شرکاء کی معروضات توجہ سے سنیں اوران کی معروضات کو عملی شکل دینے کیلئے ضروری اقدامات اٹھانے کایقین دلایا۔گورنرنے کہاکہ فاٹا کے عوام کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی بحالی کے ساتھ ساتھ شعبہ تعلیم اور صحت کے حوالے سے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام پرامن ہیں اور ملکی استحکام کیلئے ان کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ قبائلی عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھاجائیگا ۔ قبائلی عوام محب وطن ہیں اور ماضی میں ان کے ساتھ ہونیوالی محرومیوں کا جلد ازجلد ازالہ کیاجائیگا۔