خیبرپختونخواحکومت نے مختلف علاقوں میں رہائشی منصوبے شروع کرنے کافیصلہ کرلیا،منصوبوں میں میگا ایجوکیشن سٹی ایم ون نوشہرہ، میگا سپورٹس سٹی پشاور ، نیو سٹی ایبٹ آباد اور نیو سٹی اینڈ ٹوارزم رزورٹ بونی چترال شامل ہیں،بین الاقوامی معیار کے ان رہائشی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح، تعمیر اتی کاموں اور منصوبوں کیلئے کنسلٹنس کی خدمات حاصل کی جا چکی ہیں ،فنڈز بھی دستیاب ہیں ،منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں تاخیر کا جواز نہیں،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 22 فروری 2014 22:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بالخصوص دارالحکومت پشاور میں بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کے پیش نظرمختلف علاقوں میں بڑے رہائشی منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں میگا ایجوکیشن سٹی ایم ون نوشہرہ، میگا سپورٹس سٹی پشاور ، نیو سٹی ایبٹ آباد اور نیو سٹی اینڈ ٹوارزم رزورٹ بونی چترال شامل ہیں تمام ترجدید شہری و رہائشی سہولیات سے آراستہ بین الاقوامی معیار کے ان رہائشی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ہاؤسنگ امجد آفریدی، پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقیات میاں خلیق الرحمن ، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے سرمایہ کاری رفاقت الله بابر اور سیکرٹری ہاؤسنگ انجینئر زاہد عارف کے علاوہ متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ حکام اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی وزیر اعلیٰ نے پرانے شہروں پر آبادی کا بوجھ کم کرنے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی سہولیات کو پورا کرنے کیلئے نئے رہائشی منصوبے شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس ضمن میں ہنگامی بنیادوں پر سنجیدہ اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی اُنہوں نے کہا کہ تعمیر اتی کاموں اور منصوبوں کیلئے کنسلٹنس کی خدمات حاصل کی جا چکی ہیں اور فنڈز بھی دستیاب ہیں اسلئے ان منصوبوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں تاخیر کا جواز نہیں اب تمام ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیش رفت ہوتے ہوئے نظر آنی چاہیئے وزیر اعلیٰ نے حکام کی اس تجویز سے اتفاق کیا کہ محکمہ ہاؤسنگ کے منصوبوں پر کام محکمہ خود نہیں کرے گا بلکہ ان پر عمل درآمد کیلئے الگ کمپنی بنائی جائے گی جو منصوبوں پر عمل درآمد ، ان کی بروقت تکمیل، کام کے معیار اور ادائیگیوں سمیت تمام کا م کی ذمہ دار ہو گی محکمہ ہاؤسنگ کے حکام نے اجلاس کے شرکاء کو میگا ایجوکیشن سٹی کے مجوزہ منصوبے کے بارے میں بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کیلئے موٹر وے ایم ون پر کرنل شیر خان انٹر چینج کے قریب اسی ہزار ایکڑ زمین کی نشاندہی کے علاوہ زمین کے حصول کیلئے سیکشن 4 جاری کیا گیا ہے جبکہ منصوبے کی پری فیزبیلٹی تیار کرکے مجاز حکام کو پیش کی گئی ہے اسی طرح منصوبے کی پلاننگ اور ڈیزائن کی تیاری کیلئے فرموں کی خدمات حاصل کرنے کا کام آخری مراحل میں ہے منصوبے میں دلچسپی رکھنے والے بین الاقوامی شہرت کے حامل دس مختلف کنسلٹنٹ فرموں نے محکمہ ہاؤسنگ کو اپنی استعداد کار کے بارے میں بریفینگ دی ہے اس ہاؤسنگ سکیم کی خصوصیا ت کے بارے میں حکام نے بتایا کہ میگا ایجوکیشن سٹی کے اس مجوزہ منصوبے کا 30 فیصد حصہ تعلیمی اداروں اور جامعات کیلئے مختص ہو گا جس میں تعلیم و تحقیق کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارے قائم کئے جائیں گے اور اسی بنیاد پر انہیں تمام مطلوبہ سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی مزید بتایا گیا کہ منصوبے کی تفصیلی پلاننگ اور ڈیزائن کی تیاری کیلئے کنسلٹنٹس کو اسی مہینے کنٹریکٹ دیا جائے گا جبکہ منصوبے پر تعمیر اتی کام ستمبر تک شروع ہو جائے گااسی طرح میگا سپورٹس سٹی پشاور کے مجوزہ رہائشی منصوبے کے بارے میں بریفینگ دیتے ہوئے محکمہ ہاؤسنگ کے حکام نے بتایا کہ چودہ ہزار ایکٹر سے زائد رقبے پر محیط یہ شہر ضلع پشاور اور نوشہرہ کے درمیان بسایا جائے گا جو چھ لاکھ آبادی کی رہائشی ضروریات کیلئے کافی ہو گا یہ شہر سائز میں حیات آباد ٹاؤن شپ سے پانچ گنا بڑا ہو گااور اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ ڈیڑھ سے دو کھرب روپے لگایا گیا ہے وزیرا علیٰ نے حکام کو یہ منصوبہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت مرحلہ وار مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی منصوبوں کی تمام نئی اور پرانی میگا اسکیمیں کاغذوں سے نکل کر حقیقت بننی چاہئیں اور ان منصوبوں میں ماضی کی غلطیوں کا اعادہ نہ ہونے پائے اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت شہری ترقی و منصوبہ بندی اور عوام کے رہائشی مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کے علاوہ عام لوگوں بالخصوص کم آمدن والے تنخواہ دار طبقے اور غریب عوام کی ضروریات کی تکمیل یقینی بنائے گی ۔